ہم پر اللہ کی مار پڑرہی ہے: فاروق عبداللہ (ویڈیو)
برسراقتدار نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے چہارشنبہ کے دن یہ کہتے ہوئے جموں وکشمیر کی میوہ صنعت کو برباد کرنے کی کسی بھی دانستہ کوشش کو خارج ازبحث قراردیا کہ جموں وکشمیر قومی شاہراہ کا بند ہونا اللہ کی مار ہے‘ اس میں بندوں کا ہاتھ نہیں۔
سری نگر (پی ٹی آئی) برسراقتدار نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے چہارشنبہ کے دن یہ کہتے ہوئے جموں وکشمیر کی میوہ صنعت کو برباد کرنے کی کسی بھی دانستہ کوشش کو خارج ازبحث قراردیا کہ جموں وکشمیر قومی شاہراہ کا بند ہونا اللہ کی مار ہے‘ اس میں بندوں کا ہاتھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی دانستہ کوشش نہیں ہوئی‘ کیا لوگوں نے پہاڑ توڑڈالے؟کیا لوگوں کی وجہ سے بارش ہوئی؟۔ انہوں نے ضلع اننت ناگ میں میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ یہ قہرخداوندی ہے کیونکہ ہم لوگ اوپر والے سے دور ہوگئے۔
وہ اس سوال کا جواب دے رہے تھے کہ کئی سیاسی قائدین کا الزام ہے کہ ہائی وے پر میوے سے لدے کئی ٹرکس پھنسے ہوئے ہیں۔ جموں و کشمیر کی معیشت کو نقصان پہنچانے کی دانستہ کوشش کی جارہی ہے۔
سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر نے کہا کہ لوگ نہ تو عبادت کررہے ہیں اور نہ ہی دعا مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے پوچھا کہ کیا ہم اللہ کی نعمتوں کو غریبوں میں بانٹ رہے ہیں؟ یہ مشکلیں ہمیں اللہ کی یاد دلانے کے لئے آتی ہیں کہ ہمیں اس کی طرف رجوع ہونا ہے۔
اس کے بعد ہی وہ ہمیں ان مشکلات سے نکالے گا۔ غزہ کی صورتِ حال کے حوالہ سے فاروق عبداللہ نے کہا کہ دیکھئے وہاں کیا ہورہا ہے‘ اسرائیل‘ فلسطینیوں کو مٹادینے کی کوشش کررہا ہے۔ کیا کوئی مسلم ملک آواز اٹھارہا ہے؟ ہزاروں لوگ مررہے ہیں‘ کیوں؟ اس لئے کہ وہ خدا سے دور ہوگئے ہیں۔ وہ نہیں جانتے کہ اللہ ہے اور انہیں آزمارہا ہے۔
یہ پوچھنے پر کہ آیا قائدین میوے کے مسئلہ پر سیاست کررہے ہیں‘ نیشنل کانفرنس صدر نے کہا کہ کشمیر میں سیاست کبھی بھی رکے گی نہیں۔ اسی سے لوگوں کے گھر چلتے ہیں۔ نیتاؤں کو دہلی سے پیسہ ملتا ہے اور وہ دہلی کے آشیرواد سے زندہ ہیں۔ پیسہ جس دن رک جائے گا یہ قائدین بھی ختم ہوجائیں گے۔