کے سی آر بہت جلد عوام کو اچھی خبر سنائیں گے: ہریش راؤ
ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ بی آر ایس کا منشور کانگریس اور بی جے پی پر بھاری پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا منشور کانگریس اور بی جے پی کی بساط پلٹ دے گا۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ بی آر ایس کا منشور کانگریس اور بی جے پی پر بھاری پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا منشور کانگریس اور بی جے پی کی بساط پلٹ دے گا۔
انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر جلد ہی ریاست کے عوام کو اچھی خبر سنائیں گے جس سے ریاست کے تمام طبقات میں خوشی کی لہر دوڑ جائے گی۔
وزیر ہریش راؤ نے نکریکل حلقہ کے رامنا پیٹ میں ایس ٹی او آفس کا افتتاح انجام دینے کے بعد خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے 5.5 کروڑ روپے کی لاگت سے 50 بستروں کے ہسپتال اور 2.5 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر چننا کیشو سوامی مندر کا سنگ بنیاد رکھا۔
اس موقع پر وزیر جگدیش ریڈی، رکن اسمبلی چیرومارتی لنگایا اور دیگر موجود تھے۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر ہی وہ واحد شخصیت ہیں جنہوں نے ہر گھر کو تازہ پانی فراہم کیا ہے اور خواتین کو درپیش مشکلات کو دور کیا۔
انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے اقتدار میں آنے سے قبل عوام کو پینے کے پانی کے لئے ٹینکرس کا انتظار کرنا پڑتا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں صرف تلنگانہ میں ہی سب سے زیادہ پنشن دیا جا رہا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ صرف کے سی آر نے ہی بزرگوں، بیواؤں اور معذوروں کی عزت نفس کو بلند کیا ہے۔
انہوں نے کانگریس قائدین کی جانب سے الٹی سیدھی باتیں کرنے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا انہیں بتانا چاہیے کہ گزشتہ 50 سالوں میں پنشن نہ دینے کی وجوہات کیا تھی۔ انہوں نے سوال کیا کہ حکمراں کانگریس کرناٹک اور چھتیس گڑھ میں فی کس 4000 پنشن کیوں نہیں دے رہی ہے۔
انہوں نے سوال کیا جو وہاں ممکن نہیں وہ یہاں کیسے ممکن ہو سکتا ہے۔ ہریش راو نے مزید کہا کہ اگر کانگریس لیڈر کرنٹ کی بات کرتے ہیں تو یہ سورج پر تھوکنے کے مترادف ہے۔
آپ کے دور حکومت میں جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا وہ ناقابل بیان ہیں۔ انہوں نے کانگریس قائدین کو چلینج کیا کہ عوام سے معلوم کریں کہ آیا کانگریس کے دور میں بجلی سربراہی اچھی تھی یا بی آر ا یس دور میں ٹھیک ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس پارٹی ووٹوں کے خاطر جھوٹ پر جھوٹ بول رہی ہے۔انہوں نے عوام سے ایک اور بار کے سی آر کی قیادت کو آشیرواد دینے کی اپیل کی۔