قومی

غیرقانونی ذبیحہ، 16 افراد گرفتار

چیف منسٹر آسام ہیمنت بشواشرما نے اتوار کے دن کہا کہ ریاست میں عیدالاضحی کے موقع پر غیرقانونی قربانی کے واقعات کے سلسلہ میں 16 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

گوہاٹی (آئی اے این ایس) چیف منسٹر آسام ہیمنت بشواشرما نے اتوار کے دن کہا کہ ریاست میں عیدالاضحی کے موقع پر غیرقانونی قربانی کے واقعات کے سلسلہ میں 16 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

چیف منسٹر نے کہا کہ آسام میں مختلف مقامات پر جانوروں کی باقیات پائی گئیں۔ وادیئ بارک میں 5غیرقانونی مقامات ِ ذبیحہ کا پتہ چلا۔ یہ مقامات پر گمراہ، سیلچر، لکی پور (ضلع کچار)، بدر پور اور بانگا(ضلع کریم گنج) میں ہیں۔ کچار سے 9 اور سری بھومی سے 7 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

یہ بھی خبر ہے کہ کاٹن یونیورسٹی کامروپ (میٹرو)، دھوبری، کھوجائی اور باگرگول (سری بھومی) کے مختلف حصوں میں بھی جانوروں کی باقیات ملی ہیں۔ چیف منسٹر شرما نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ہمارا دستور مذہبی آزادی کے حق کی ضمانت دیتا ہے لیکن وہ قانون کی حکمرانی اور نظم و ضبط کو بھی برقرار رکھتا ہے۔ غیرقانونی ذبیحہ اور جانوروں کی باقیات ملنے کی خبریں ریاست کے مختلف مقامات سے آئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کی پابند ہے لیکن بلالحاظ مذہب و ملت قانون کی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ 2021ء کے ریاستی قانون کے مطابق ان علاقوں میں جہاں ہندو، جین اور سکھ اکثریت میں ہوں جانوروں کا ذبیحہ منا ہے۔ ریاست میں بیف کھانا غیرقانونی نہیں ہے لیکن ذبیحہ اور فروخت پر سخت پابندیاں ہیں۔

اتوار کے دن ہوجائی میں اِس دعوے پر کشیدگی پھیل گئی کہ ہندو رہائشی علاقوں میں ہفتہ کی رات گوشت کے تکڑے ملے۔ ہندوؤں نے برپوکھوری علاقہ میں راستہ روکو احتجاج کیا۔ جواب میں بھوئن پٹی میں مسلمانوں نے احتجاج کیا جس پر پولیس کے ساتھ ٹکراؤ ہوگیا۔ پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لئے ہلکی طاقت استعمال کی۔

ایک سینئر پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ صورتحال اب قابو میں ہے۔ زائد نیم فوجی فورسس کو تعینات کردیا گیا۔ اسی دوران برپوکھوری میں احتجاج جاری ہے۔ مظاہرین کو سمجھایا جارہا ہے۔ ہوجائی کہ لوگوں کا الزام ہے کہ ان کے علاقہ میں گوشت جان بوجھ کر پھینکا گیا۔ پولیس نے اس کی توثیق نہیں کی ہے۔

گوہاٹی میں گوشت کا ٹکڑا کاٹن یونیورسٹی کیمپس کے قریب پالیتھین میں لپٹا پایا گیا۔ پولیس نے اس ٹکڑے کو فارنسک جانچ کیلئے بھیج دیا۔ ایسا ہی ایک واقعہ نلیا ضلع دھوبری میں پیش آیا۔ جہاں مندر کے قریب گوشت کے ٹکڑے ملے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ ٹکڑے بھی جانچ کیلئے بھیج دئے گئے۔