قرقی کی نوٹس ملنے کے چند گھنٹوں بعد ایک شخص کو 70 لاکھ کی لاٹری
40سالہ پوکنج قرض کے بوجھ تلے دبا ہوا تھا اور اس کی خوش بختی نے اُس کے تمام مسائل کا فوری حل فراہم کردیا جب وہ 70 لاکھ روپئے کی لاٹری جیت گیا۔

ترواننتا پورم: کیرالا کا ایک مچھلی فروش زندگی بھر 12 اکتوبر کی تاریخ فراموش نہیں کرے گا۔ 40 سالہ پوکنج قرض کے بوجھ تلے دبا ہوا تھا اور اس کی خوش بختی نے اُس کے تمام مسائل کا فوری حل فراہم کردیا جب وہ 70 لاکھ روپئے کی لاٹری جیت گیا۔
پوکنج کو بینک نے 12 اکتوبر کو قرقی کی نوٹس دی تھی، کیوں کہ وہ 12 لاکھ روپئے قرض کی رقم ادا کرنے سے قاصر تھا اور اسی دن چند ہی گھنٹوں بعد اسے یہ اطلاع ملی کہ وہ اکشے لاٹری میں پہلا انعام جیت چکا ہے۔
’اون منورما‘ کی اطلاع کے مطابق پوکنج کو چہارشنبہ کے روز تقریباً 12 بجے دن قرض کی بازادائیگی کی نوٹس موصول ہوئی تھی اور اسی دن 3 بجے اس نے لاٹری جیت لی۔
پوکنج مالی مشکلات کا شکار تھا۔ وہ شمالی مائنگا پلی علاقہ میں اسکوٹر پر مچھلی بیچتا تھا تاکہ ضروریاتِ زندگی کی تکمیل کرسکے۔ اس نے گھر بنانے کے لیے کارپوریشن بینک سے 9 لاکھ روپئے قرض حاصل کیا تھا۔ اس کی بیوی نے بتایا کہ بینک سے نوٹس ملنے کے بعد ہم لوگ مایوسی کا شکار ہوگئے تھے۔ ہمیں نہیں معلوم تھا کہ کیا کرنا چاہیے۔
ہمارے دو بچے ہیں اور وہ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ پوکنج نے بتایا کہ بینک قرض کے علاوہ میرے والد نے لاٹری ٹکٹ خریدنے کے لیے تقریباً 5 لاکھ روپئے قرض حاصل کیا تھا۔
پوکنج کی بیوی نے بتایا کہ سب سے پہلے وہ لوگ اپنے قرض بے باق کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ بچے اچھی تعلیم حاصل کریں تاکہ وہ زندگی میں کسی اچھے مقام پر پہنچ سکیں۔