کویت کا سینکڑوں غیر ملکیوں کی شہریت منسوخ کرنے کا فیصلہ
حکام کا کہنا ہے کہ ان افراد نے شہریت کے حصول میں جعل سازی اور دھوکہ دہی کی ہے، جس کے باعث ان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ 20 ستمبر کے بعد یہ شہریت منسوخی کا سب سے بڑا واقعہ ہے۔
جدہ: کویت کی قومیت کی تحقیقات کرنے والی سپریم کمیٹی نے 489 افراد کی شہریت منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے کو وزراء کونسل میں منظوری کے لیے بھیجنے کی تیاری جاری ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اس حوالے سے ایک اجلاس گزشتہ روز اول نائب وزیراعظم، وزیر دفاع اور وزیر داخلہ شیخ فہد یوسف سعود الصباح کی صدارت میں منعقد ہوا۔
رپورٹس کے مطابق کویتی حکام نے گزشتہ چند ماہ میں کئی افراد کی شہریت منسوخ کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان افراد نے شہریت کے حصول میں جعل سازی اور دھوکہ دہی کی ہے، جس کے باعث ان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ 20 ستمبر کے بعد یہ شہریت منسوخی کا سب سے بڑا واقعہ ہے۔ گزشتہ سال بھی 112 افراد کی شہریت منسوخ کی گئی تھی۔
دوسری جانب کویتی حکام نے نئے ٹریفک قوانین کا اعلان بھی کیا ہے جس کے تحت غیر ملکیوں کو اب صرف ایک گاڑی رکھنے کی اجازت ہوگی۔ کویتی ذرائع ابلاغ کے مطابق نئے قوانین میں مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں پر جرمانوں میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کے اعلیٰ عہدیدار میجر جنرل یوسف الخداح نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ نئے قوانین کا مقصد ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی تعداد کو روکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت کویت میں 25 ملین گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں، اور ایک سے زیادہ گاڑیوں پر پابندی کا مقصد سڑکوں پر رش کم کرنا اور حادثات کو روکنا ہے۔