پرانا پل میں رات گئے تصادم، اولڈ سٹی میں حالات کشیدہ، پولیس کی بروقت کارروائی
حیدرآباد کے پرانے شہر کے علاقہ پرانا پل میں بدھ کی شب پیش آنے والے واقعہ کے بعد پیدا ہونے والی فرقہ وارانہ کشیدگی پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حالات کو قابو میں کر لیا ہے۔
حیدرآباد کے پرانے شہر کے علاقہ پرانا پل میں بدھ کی شب پیش آنے والے واقعہ کے بعد پیدا ہونے والی فرقہ وارانہ کشیدگی پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حالات کو قابو میں کر لیا ہے۔ علاقے میں بھاری پولیس نفری تعینات ہے اور مسلسل گشت جاری ہے، جبکہ شہریوں کو افواہوں سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پرانا پل دروازہ کے قریب نامعلوم شرپسند عناصر نے ایک مندر میں توڑ پھوڑ کی، جس کے نتیجے میں علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد بڑی تعداد میں موقع پر جمع ہو گئے اور احتجاج شروع کر دیا۔
اسی دوران شرپسندوں نے تہوار کی مبارکباد کے لیے لگائے گئے پوسٹر کو پھاڑ دیا، چھلہ مبارک کے موقع پر نصب جھنڈے کو اکھاڑ کر سڑک پر پھینک دیا اور نشانِ مبارک کو نقصان پہنچایا۔ مزاحمت کرنے والے چند نوجوان زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر قریبی دواخانہ منتقل کیا گیا۔
صورتحال اس وقت مزید خراب ہو گئی جب شرپسند عناصر نے چند گاڑیوں کو نقصان پہنچایا، مذہبی جھنڈوں کی بے حرمتی کی، درگاہ کے قریب قبروں کو نقصان پہنچایا اور پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔ حالات بگڑتے دیکھ کر پولیس نے فوری طور پر لاٹھی چارج کیا اور ہجوم کو منتشر کرتے ہوئے امن بحال کر دیا۔
واقعہ کے بعد کاماٹی پورہ پولیس نے دو مقدمات درج کیے ہیں۔ پہلا مقدمہ مندر میں توڑ پھوڑ کرنے والے نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے، جبکہ دوسرا مقدمہ ہنگامہ آرائی کرنے والے ہجوم کے خلاف درج کیا گیا ہے، جنہوں نے گاڑیوں کو نقصان پہنچایا، پولیس پر حملہ کیا اور مذہبی مقامات کو نقصان پہنچایا۔
اطلاع ملتے ہی کرن کھیرے، محمد جاوید اور دیگر اعلیٰ پولیس عہدیدار موقع پر پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لیا۔
میر ذوالفقار علی نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ مقامی عوام کا کہنا ہے کہ چونکہ جی ایچ ایم سی انتخابات قریب آ رہے ہیں، اس لیے کچھ عناصر جان بوجھ کر شہر کا ماحول خراب کرنے اور فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ادھر اسدالدین اویسی نے بھی پرانا پل کا دورہ کیا اور متاثرہ افراد سے ملاقات کی۔ انہوں نے پولیس حکام سے بات چیت کرتے ہوئے خاطیوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
پولیس حکام کے مطابق علاقے میں حالات مکمل طور پر قابو میں ہیں۔ احتیاطی اقدام کے طور پر اضافی فورس تعینات کر دی گئی ہے اور مسلسل گشت جاری ہے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی افواہ پر یقین نہ کریں، امن و امان برقرار رکھیں اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے سے گریز کریں۔