پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کی رقم بڑھائی جائے۔ وزیراعظم کو راہول گاندھی کا مکتوب
قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی نے ہاسٹلس میں دلت / ایس ٹی/ ای بی سی / او بی سی / مائناریٹی طلبا کی قابل رحم حالت اور درکنار برادریوں کے طلبا کو پوسٹ میٹرک اسکالرشپس کی اجرائی میں تاخیر کے تعلق سے وزیراعظم نریندر مودی کو لکھا ہے۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی نے ہاسٹلس میں دلت / ایس ٹی/ ای بی سی / او بی سی / مائناریٹی طلبا کی قابل رحم حالت اور درکنار برادریوں کے طلبا کو پوسٹ میٹرک اسکالرشپس کی اجرائی میں تاخیر کے تعلق سے وزیراعظم نریندر مودی کو لکھا ہے۔
راہول گاندھی نے اپنے مکتوب میں وزیراعظم سے خواہش کی کہ وہ یہ 2 اہم مسئلے حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ 90 فیصد طلبا پریشان ہیں جن کا تعلق درکنار برادریوں سے ہے۔ کانگریس قائد نے کہا کہ ہاسٹلس میں دلت‘ درج فہرست قبائل‘ معاشی پسماندہ‘ دیگر پسماندہ طبقات اور اقلیتی طلبا کی حالت زار ہے۔
دربھنگہ(بہار) کے امبیڈکر ہاسٹل میں حالیہ دورہ میں طلبا نے شکایت کی کہ 6-7 طلبا ایک کمرہ میں رہنے پر مجبور ہیں۔ گندے ٹائلٹس‘ پینے کا غیرمحفوظ پانی‘ میس کی سہولت نہ ہونا‘ لائبریری یا انٹرنیٹ کی عدم دستیابی جیسے مسائل کا انہیں سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
اس کے علاوہ درکنار طبقات کے طلبا کو پوسٹ میٹرک اسکالرشپ بھی تاخیر سے مل رہی ہے۔ راہول گاندھی نے بہار کی مثال دی جہاں اسکالرشپ پورٹل 3 سال سے کام نہیں کررہی ہے۔ طلبا کو 2021-22 میں اسکالرشپ نہیں ملی۔ اس کے علاوہ اسکالرشپ حاصل کرنے والے دلت طلبا کی تعداد تقریباً نصف گھٹ گئی۔
مالی سال 2023 میں یہ تعداد 1.36 لاکھ تھی جو مالی سال 2024 میں گھٹ کر 0.69 لاکھ ہوگئی۔ اسکالرشپ کی رقم بھی کافی کم ہے۔ راہول گاندھی نے لکھا کہ انہوں نے بہار کی مثال دی ہے لیکن سارے ملک کی یہی صورتِ حال ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ فوری اس پر توجہ دے۔
راہول گاندھی نے مطالبہ کیا کہ دلت / ایس ٹی/ ای بی سی / او بی سی/ مائناریٹی طلبا کے ہر ہاسٹل کی آڈٹ کی جائے تاکہ وہاں اچھا انفرااسٹرکچر‘ صفائی‘ اچھی غذا اور عمدہ تعلیمی سہولتیں یقینی بنیں۔ اس کے لئے مناسب فنڈس بھی الاٹ کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹ میٹرک اسکالرشپ وقت پر دی جائے‘ رقم بڑھائی جائے اور ریاستی حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ درکنار برادریوں کے نوجوانوں کی ترقی تک ملک ترقی نہیں کرے گا۔