بی آر ایس قائدین حیدرآباد کے بجائے دہلی میں ای ڈی کے دفتر کے سامنے دھرنے دیں: کومٹ ریڈی
کومٹ ریڈی نے زوردیتے ہوئے کہا کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ جن لوگوں نے اُس دن اے پی کے سابق وزیراعلی چندرا بابو کی گرفتاری کے موقع پر ہونے والے دھرنوں اور ریلیوں کو روک دیا تھا،وہ آج کویتا کی گرفتاری پر دھرنے دے رہے ہیں۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر عمارات وشوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے دہلی شراب گھوٹالہ معاملہ میں بی آرایس کی رکن قانون سازکونسل کویتا کی ای ڈی کی جانب سے گرفتاری کے معاملہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پوچھا کہ کویتا کو دہلی پولیس نے گرفتار کیا ہے تو بی آرایس کے لیڈران اور کارکن تلنگانہ میں دھرنے دیتے ہوئے عوام کو کیوں پریشان کر رہے ہیں؟
انہوں نے زوردیتے ہوئے کہا کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ جن لوگوں نے اُس دن اے پی کے سابق وزیراعلی چندرا بابو کی گرفتاری کے موقع پر ہونے والے دھرنوں اور ریلیوں کو روک دیا تھا،وہ آج کویتا کی گرفتاری پر دھرنے دے رہے ہیں۔
بی آر ایس لیڈران نے اُس وقت سوال کیا تھا کہ آندھرا پردیش میں گرفتاری پر حیدرآباد میں دھرنا کیوں دیاجارہا ہے؟انہوں نے کہاکہ پروجکٹس کی تعمیر میں ہوئے ناجائز منافع کے ذریعہ خصوصی پروازیں بُک کرتے ہوئے بی آرایس لیڈران اپنے کارکنوں کو دہلی لے جائیں۔
اور ای ڈی کے دفتر کے سامنے دھرنے دینے کے ساتھ ساتھ بھوک ہڑتال کریں۔انہوں نے کہاکہ کانگریس حکومت کی فلاحی حکمرانی سے، عوام کی زندگیاں اب روشنی سے بھر گئی ہیں۔