لفٹ دینا مہنگا پڑگیا۔ بائیک والے کو زہریلا انجکشن دے کر اجنبی فرار
شیخ جمیل نے اس اجنبی کو اپنی بائیک پر بٹھالیا تاہم اسی دوران اس اجنبی نے شیخ جمیل کو زہربھرا انجکشن دے دیا جس کے بعد وہ گاڑی سے کود کر فرارہوگیا۔
حیدرآباد: اجنبی شخص کو اپنی بائیک پر لفٹ دینا ایک کسان کو مہنگا پڑا کیونکہ کسان نے جس کو لفٹ دی تھی، اس نے اسے انجکشن کے ذریعہ زہردے دیا۔ یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع کھمم کے مدی گُنڈہ منڈل میں پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق بوپارم گاؤں سے تعلق رکھنے والے 55سالہ کسان شیخ جمیل، اے پی کے گندرائی گاؤں میں بیٹی سے ملاقات کیلئے اپنی بائیک پر جارہے تھے۔ جب وہ ولبھ بھائی گاؤں پہنچے تو ایک اجنبی نے جو منکی کیپ پہنا ہواتھا، ان سے لفٹ مانگی۔
شیخ جمیل نے اس اجنبی کو اپنی بائیک پر بٹھالیا تاہم اسی دوران اس اجنبی نے شیخ جمیل کو زہربھرا انجکشن دے دیا جس کے بعد وہ گاڑی سے کود کر فرارہوگیا۔
شیخ جمیل اس واقعہ پر حیرت زدہ ہوگئے۔ انہوں نے اپنی بائیک کو روک دیا اور اپنے رشتہ داروں کو فون کرتے ہوئے اس بات کی اطلاع دی۔ زہر ان کے جسم پر اثر کرنے لگا اور وہ بے ہوش ہوگئے۔
مقامی افراد نے جنہوں نے ان کو سڑک کے کنارے گراہوا پایا، فوری طورپر انہیں ولبھ پرائمری ہیلتھ سنٹر منتقل کیا جہاں ڈاکٹرس نے معائنہ کے بعد انہیں مردہ قراردیا۔
اس واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے ضابطہ کی کارروائی کرتے ہوئے جانچ شروع کردی۔ جس سوئی کا استعمال انجکشن لگانے کیلئے کیاگیا تھا،اس کا پتہ چلالیاگیا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔