ایل پی جی یا انڈکشن: کھانا پکانے کیلئے کون سا طریقہ زیادہ سستا؟
عام طور پر ملک میں ایک گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت تقریباً 900 سے 1100 روپے کے درمیان ہوتی ہے اور زیادہ تر خاندانوں میں ایک سلنڈر لگ بھگ ایک ماہ تک چل جاتا ہے۔
بھارت میں گھروں کی اکثریت آج بھی کھانا پکانے کے لئے ایل پی جی گیس استعمال کرتی ہے، لیکن گزشتہ چند برسوں میں انڈکشن کک ٹاپ بھی تیزی سے مقبول ہوا ہے۔ ایسے میں اکثر یہ سوال اٹھتا ہے کہ آخر کھانا پکانے کے لئے کون سا طریقہ زیادہ سستا پڑتا ہے۔
عام طور پر ملک میں ایک گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت تقریباً 900 سے 1100 روپے کے درمیان ہوتی ہے اور زیادہ تر خاندانوں میں ایک سلنڈر لگ بھگ ایک ماہ تک چل جاتا ہے۔ دوسری طرف انڈکشن کک ٹاپ بجلی سے چلتا ہے، اس لئے اس کا خرچ بجلی کے بل پر منحصر ہوتا ہے۔ اگر بجلی کی قیمت تقریباً 6 سے 9 روپے فی یونٹ ہو تو انڈکشن پر کھانا پکانے کا خرچ اس بات پر منحصر ہوگا کہ روزانہ کتنی دیر ککنگ کی جاتی ہے۔
ایل پی جی اور انڈکشن کے درمیان سب سے بڑا فرق توانائی کے استعمال کی صلاحیت میں ہے۔ ایل پی جی چولہے میں تقریباً 50 سے 60 فیصد توانائی ہی براہِ راست کھانا پکانے میں استعمال ہوتی ہے جبکہ باقی حرارت ضائع ہو جاتی ہے۔ اس کے برعکس انڈکشن کک ٹاپ میں تقریباً 80 سے 90 فیصد توانائی براہِ راست برتن تک پہنچتی ہے۔ اسی وجہ سے کئی مواقع پر انڈکشن پر کھانا جلدی تیار ہو جاتا ہے اور توانائی کا بہتر استعمال ہوتا ہے۔
انڈکشن کو نسبتاً تیز اور محفوظ بھی سمجھا جاتا ہے اور سادہ کھانا پکانے میں کئی لوگوں کو یہ زیادہ آسان لگتا ہے۔
ایل پی جی اب بھی کیوں ضروری ہے؟
اس کے باوجود ایل پی جی کی اہمیت کم نہیں ہوئی۔ گیس چولہا بجلی بند ہونے کی صورت میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے اور روٹی، تڑکا یا فرائی جیسے روایتی انڈین پکوان بنانے میں بہت سے لوگوں کو یہ زیادہ موزوں لگتا ہے۔ اسی وجہ سے اب کئی گھروں میں ہائبرڈ کچن کا رجحان بڑھ رہا ہے، یعنی کچھ کام انڈکشن پر اور باقی کھانا ایل پی جی پر تیار کیا جاتا ہے۔

تصویر: بشکریہ این ڈی ٹی وی
مختصر یہ کہ اگر صرف توانائی کی کارکردگی کی بات کی جائے تو انڈکشن زیادہ مؤثر ہے، لیکن اصل خرچ اس بات پر منحصر کرتا ہے کہ آپ کے شہر میں بجلی کا ریٹ کیا ہے اور گھر میں کھانا کس انداز میں پکایا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی بہت سے انڈین گھروں میں ایل پی جی اور انڈکشن دونوں کا ساتھ ساتھ استعمال جاری ہے۔