مہاراشٹرا

مہاراشٹر: اگلے چار ہفتوں میں اوسط سے زیادہ بارش کا امکان، یلو الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے مہاراشٹر کے لیے اگلے چار ہفتوں کے دوران موسم کی تفصیلی پیش گوئی جاری کی ہے۔ 6 جون سے 3 جولائی تک ریاست کے بیشتر حصوں میں بارش کے معمول کے مطابق ہونے کا امکان ہے، جبکہ مجموعی طور پر اوسط سے زیادہ بارش متوقع ہے۔

ممبئی: محکمہ موسمیات نے مہاراشٹر کے لیے اگلے چار ہفتوں کے دوران موسم کی تفصیلی پیش گوئی جاری کی ہے۔ 6 جون سے 3 جولائی تک ریاست کے بیشتر حصوں میں بارش کے معمول کے مطابق ہونے کا امکان ہے، جبکہ مجموعی طور پر اوسط سے زیادہ بارش متوقع ہے۔

پہلے ہفتے (6 سے 12 جون) کے دوران مدھیہ مہاراشٹر کے بعض علاقوں میں اوسط سے زیادہ بارش ہوگی، جب کہ کونکن اور ودربھ میں بارش کی مقدار اوسط سے کم رہنے کا امکان ہے۔ دوسرے ہفتے (13 سے 19 جون) میں مشرقی ودربھ اور کونکن کے کچھ حصوں کو چھوڑ کر باقی ریاست میں اوسط سے زیادہ بارش کی توقع ہے۔


مون سون کے دوبارہ فعال ہونے کے لیے موسم سازگار رہے گا۔ تیسرے ہفتے (20 سے 26 جون) میں جنوبی مدھیہ مہاراشٹر، مراٹھواڑہ، کونکن اور ودربھ کے چند علاقوں کو چھوڑ کر باقی مقامات پر اچھی بارش ہوگی۔


چوتھے ہفتے (27 جون سے 3 جولائی) میں مغربی مہاراشٹر اور کونکن کو چھوڑ کر دیگر علاقوں میں اوسط سے زیادہ بارش کا امکان ہے۔ ان چار ہفتوں کی پیش گوئی کے مطابق کونکن میں کم بارش ہوگی جبکہ دیگر علاقوں میں بارش کی مقدار اوسط سے زیادہ رہے گی۔ جون کے آغاز سے مون سون کی بارشوں کی جھلک نظر آ رہی ہے، بعض علاقوں میں ہلکی بارش متوقع ہے، تاہم شدید بارش کا امکان بھی موجود ہے۔


محکمہ موسمیات نے مدھیہ مہاراشٹر کے تھانے، رائے گڑھ، ناسک، احمد نگر، پونے، ستارا، سانگلی، کولہاپور، مراٹھواڑہ کے شولاپور، اورنگ آباد، عثمان آباد ، لاتور، بلدھانا، اکولہ، امراوتی، وردھا، ناگپور، گڑھچیرودامی ضلع میں بارش کی وجہ سے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔


مون سون کی ہواؤں کی نقل و حرکت گزشتہ ایک ہفتے سے سست پڑ گئی ہے۔ مون سون ہوائیں مہاراشٹر، چھتیس گڑھ، اڈیشہ سے مغربی بنگال تک پہنچیں لیکن اس کے بعد کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوئی۔

26 مئی سے مون سون کی ہوائیں بحیرہ عرب سے آگے نہیں بڑھیں اور 29 مئی سے خلیج بنگال سے آگے بھی نہیں بڑھی ہیں۔ مون سون کی موجودہ کمزوری کے باعث مزید بارشوں کے لیے انتظار کرنا پڑے گا۔