تلنگانہ

تلنگانہ: دیور کا قتل کرنے پر خاتون کو چپلوں کا ہار پہنا دیا گیا

خاتون کے شوہر کا چھ سال قبل انتقال ہو گیا تھا اور وہ محبوب آباد میں اپنے سسرالی رشتہ داروں کے ساتھ ہی رہ رہی تھی۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے محبوب آباد میں ایک خاتون کو اپنے دیور کو مبینہ طور پر قتل کرنے کے الزام میں چپلوں کا ہار پہنا کر گلیوں میں گھمایا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ خاتون نے جسمانی تعلقات کے اصرار پر اپنے دیور کا قتل کردیا تھا۔  

متعلقہ خبریں
بی آر ایس چھوڑنے ایم پی محبوب آباد کویتا کی تردید
دو بی آر ایس ارکان اسمبلی پر کے ٹی آر کا اظہار برہمی

خاتون کے شوہر کا چھ سال قبل انتقال ہو گیا تھا اور وہ محبوب آباد میں اپنے سسرالی رشتہ داروں کے ساتھ ہی رہ رہی تھی۔ پولیس کے مطابق اس کے دیور نے جس کی شناخت راجو کے نام سے ہوئی ہے، اسے پریشان کرنا شروع کر دیا تھا اور بعد میں اس سے اپنی جنسی ضروریات پوری کرنے کے لئے دباؤ ڈال رہا تھا۔

تاہم خاتون نے انکار کردیا جس پر راجو نے اسے نہ صرف ہراساں کرنا شروع کردیا بلکہ خاتون پر تشدد بھی کرنا شروع کر دیا تھا۔ وہ مزید تشدد برداشت نہ کر سکی اور دو دیگر مردوں کے ساتھ مل کر منصوبہ بنایا اور اپنے دیور کو قتل کر دیا۔

بعد میں انہوں نے مبینہ طور پر اس کی لاش کہیں پھینک دی۔ چند لوگوں کو اس کی نعش ملی جس پر انہوں نے خاتون سے پوچھ تاچھ کی جس کے بعد خاتون نے جرم کا اعتراف کرلیا اور یہ بھی بتایا کہ اسے اپنے دیور کے ہاتھوں کیسی ہراسانی اور تشدد سہنا پڑرہا تھا۔

اسی دوران پولیس نے تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

a3w
a3w