حیدرآباد کی سائبر کرائم پولیس کی بڑی کارروائی۔آئی بوما اور بپم ٹی وی پائریسی ویب سائٹس مکمل طور پر بند
تلگو فلم انڈسٹری کو بھاری نقصان پہنچانے والی پائریسی ویب سائٹس آئی بوما اور بپم ٹی وی کو سائبر کرائم پولیس نے ہمیشہ کے لئے بند کروا دیا ہے۔ پولیس نے ان ویب سائٹس کے اصل آپریٹر روی کو گرفتار کیا اور اسی کی موجودگی میں ان ویب سائٹس کی تمام سرگرمیوں کو مکمل طور پر روک دیا گیا۔
حیدرآباد: تلگو فلم انڈسٹری کو بھاری نقصان پہنچانے والی پائریسی ویب سائٹس آئی بوما اور بپم ٹی وی کو سائبر کرائم پولیس نے ہمیشہ کے لئے بند کروا دیا ہے۔ پولیس نے ان ویب سائٹس کے اصل آپریٹر روی کو گرفتار کیا اور اسی کی موجودگی میں ان ویب سائٹس کی تمام سرگرمیوں کو مکمل طور پر روک دیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق ماضی میں روی نے پولیس کو چیلنج کرتے ہوئے کہا تھا ”میرے پاس کروڑوں لوگوں کا ڈیٹا ہے، اس ویب سائٹ پر دھیان دینا بند کریں“۔ اس دھمکی آمیز مکتوب نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچائی تھی۔ اسی پس منظر میں سائبر کرائم پولیس نے اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے اسے گرفتار کیا۔
پولیس نے روی سے ویب لاگ انزاور سرور کی تفصیلات حاصل کیں اور اس کی موجودگی میں ان پائریسی پلیٹ فارمس کو مستقل طور پر شٹ ڈاؤن کرا دیا۔
فی الحال پولیس اس کے پاس سے برآمد ہونے والی سینکڑوں ہارڈ ڈسکس کا تفصیلی تجزیہ کر رہی ہے۔ ساتھ ہی اس کے بینک اکاؤنٹس اور مالی لین دین کی بھی جانچ ہو رہی ہے تاکہ اس پائریسی نیٹ ورک کے پیچھے موجود افراد اور مالی وسائل کا سراغ لگایا جا سکے۔
دوسری جانب پولیس نے فیصلہ کیا ہے کہ روی کو اپنی تحویل میں لے کر مزید اہم معلومات حاصل کی جائیں۔ اسی مقصد کے لئے سائبر کرائم پولیس پیر کے روز نامپلی کورٹ میں اس کو تحویل میں لینے درخواست دائر کرے گی۔