وزیراعظم اور سی بی آئی دھاوؤں پر ممتا بنرجی کا حیران کن تبصرہ
ممتا بنرجی نے کہا کہ کاروباری ملک چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔ وہ ای ڈی اور سی بی آئی کے غلط استعمال کی وجہ سے ملک چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ان سب کے پیچھے مودی جی نہیں ہیں۔

کولکتہ: بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج وزیراعظم نریندر مودی کو بنگال میں ہورہی سی بی آئی اور ای ڈی کی کاررائیوں کے سلسلہ میں یہ کہتے ہوئے پوری طرح لاتعلق بتایا کہ سی بی آئی اب وزیراعظم کے دفتر کو نہیں بلکہ مرکزی داخلہ امیت شاہ کے زیرکنٹرول وزارت داخلہ کو رپورٹ کرتی ہے۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ کاروباری ملک چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔ وہ ای ڈی اور سی بی آئی کے غلط استعمال کی وجہ سے ملک چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ان سب کے پیچھے مودی جی نہیں ہیں۔
ممتا بنرجی نے بنگال اسمبلی میں ان کی پارٹی، ترنمول کانگریس کی طرف سے شروع کی گئی بحث کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔ مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کا "مرکز کی جانب سے غلط استعمال” کے موضوع پر یہ بحث شروع کی گئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ میں سے بہت سے لوگ نہیں جانتے ہیں کہ سی بی آئی اب پی ایم او (وزیراعظم کے دفتر) کو رپورٹ نہیں کرتی ہے، یہ وزارت داخلہ کو رپورٹ کرتی ہے. کچھ بی جے پی لیڈر سازش کر رہے ہیں اور وہ اکثر نظام پیلس جاتے رہتے ہیں۔
ممتا بنرجی کے یہ تبصرے حیران کن ہیں جو ہمیشہ وزیراعظم نریندر مودی اور امیت شاہ پر جارحانہ تنقید کرتی رہتی ہیں۔
اسی دوران بی جے پی کے سویندو ادھیکاری نے ممتا بنرجی کے اس تبصرہ کو ان کا ایک سیاسی حربہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا کہ وہ اپنے بھتیجے اور پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی کی مدد کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، جن سے ریاست میں کوئلہ گھوٹالہ کے سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) پوچھ گچھ کر رہا ہے۔
ادھیکاری نے کہا کہ بی جے پی اس چال میں نہیں آئے گی۔ وہ خود کو اور اپنے بھتیجے کو بچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔