ممتا بنرجی کے چھوٹے بھائی ووٹ نہیں ڈال سکے
چیف منسٹر مغربی بنگال و ترنمول کانگریس سربراہ ممتا بنرجی کے چھوٹے بھائی ببون بنرجی پیر کے دن ووٹ نہیں ڈال سکے کیونکہ فہرست ِ رائے دہندگان میں ان کا نام نہیں پایا گیا۔
کولکتہ: چیف منسٹر مغربی بنگال و ترنمول کانگریس سربراہ ممتا بنرجی کے چھوٹے بھائی ببون بنرجی پیر کے دن ووٹ نہیں ڈال سکے کیونکہ فہرست ِ رائے دہندگان میں ان کا نام نہیں پایا گیا۔
ہوڑہ ٹاؤن کے ووٹر ببون بنرجی جب ووٹ ڈالنے پولنگ بوتھ پہنچے تو انہیں پتہ چلا کہ فہرست ِ رائے دہندگان میں ان کا نام ہے ہی نہیں۔
ترنمول کانگریس ترجمان شانتانو سین نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا پورے معاملہ کا جائزہ لے رہا ہے اور وہی بتاسکتا ہے کہ ایسا کیوں ہوا۔ پی ٹی آئی نے جب ربط پیدا کیا تو ببون بنرجی نے اس معاملہ میں کسی بھی سوال کا جواب دینے سے انکار کردیا۔
ببون بنرجی نے مارچ میں ہوڑہ کی لوک سبھا نشست سے موجودہ رکن پارلیمنٹ پرسون بنرجی کو دوبارہ امیدوار بنائے جانے پر ناراضگی ظاہر کی تھی جس پر ممتا بنرجی نے ان سے قطع تعلق کرلیا تھا۔
سننے میں آیا تھا کہ ببون بنرجی آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑیں گے۔ یہ بھی افواہ تھی کہ وہ بی جے پی میں شامل ہونے پر غور کررہے ہیں۔
وہ بنگال اولمپک اسوسی ایشن اور بنگال ہاکی اسوسی ایشن کے صدر ہونے کے علاوہ بنگال باکسنگ اسوسی ایشن کے سکریٹری بھی ہیں۔ وہ ٹی ایم سی اسپورٹس وِنگ کے انچارج بھی ہیں۔