دہلی ایرپورٹ پر 28 کروڑ روپے مالیتی گھڑیاں ضبط‘ مسافر گرفتار
کسٹمس کے ایک عہدیدار نے آج بتایا کہ اندراگاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر ایک شخص کو ایک آئی فون 14 پرو اور 28کروڑ روپے مالیتی 7 قیمتی گھڑیوں کی اسمگلنگ پر گرفتارکرلیا گیا۔
نئی دہلی: کسٹمس کے ایک عہدیدار نے آج بتایا کہ اندراگاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر ایک شخص کو ایک آئی فون 14 پرو اور 28کروڑ روپے مالیتی 7 قیمتی گھڑیوں کی اسمگلنگ پر گرفتارکرلیا گیا۔
ان میں سے ایک گھڑی ہیروں سے جڑی ہوئی ہے۔ سینئر عہدیدار نے بتایا کہ APIS پروفائلنگ کی بنیاد پر مسافر کو روکا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 7 انتہائی قیمتی دستی گھڑیوں کی اسمگلنگ کا ایک کیس درج کرلیا ہے۔
ایک گھڑی انتہائی غیرمعمولی ہے اور سونے سے تیار کردہ اور ہیروں سے مزین ہے۔ ایک ہیروں سے جڑا گولڈ بریسلیٹ اور ایک آئی فون 14 پرو بھی ضبط کیا گیا ہے۔
عہدیدار نے بتایا کہ مسافر کے سامان اور جسمانی تفصیلی تلاشی کے نتیجہ میں 7 دستی گھڑیاں برآمد ہوئی ہیں جن میں جیکب اینڈ کمپنی‘ پیاجیٹ لائم لائٹ اسٹیلا‘ رولیکس آئیسٹر‘ ایک ہیرے جڑا گولڈ بریسلیٹ اور ایک آئی فون 14 پرو شامل ہیں جن کی مجموعی مالیت 28کروڑ 17لاکھ 97ہزار 864 روپے ہے۔
انہوں نے بتایا کہ برآمدشدہ اشیاء کو کسٹمس قانون کی دفعہ 110 کے تحت ضبط کرلیا گیا ہے۔ مسافر کو کسٹمس قانون کی دفعہ 104 کے تحت گرفتار کرلیا گیا۔ اس کا جرم‘کسٹمس قانون کی دفعہ 135کے تحت ناقابل ضمانت ہے۔