تلنگانہ میں آئندہ دو دنوں تک موسلا دھار بارش کا امکان، کئی اضلاع میں اورینج الرٹ جاری
جن اضلاع کو اس الرٹ کے دائرے میں شامل کیا گیا ہے، ان میں حیدرآباد، جنگاؤں، محبوب نگر، میدک، میڑچل-ملکاجگری، نلگنڈہ، رنگا ریڈی، یادادری بھونگیر اور عادل آباد شامل ہیں۔

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کے کئی اضلاع میں آنے والے دو دنوں تک موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے۔ حیدرآباد کے محکمہ موسمیات نے اس انتباہ کے ساتھ اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔
جن اضلاع کو اس الرٹ کے دائرے میں شامل کیا گیا ہے، ان میں حیدرآباد، جنگاؤں، محبوب نگر، میدک، میڑچل-ملکاجگری، نلگنڈہ، رنگا ریڈی، یادادری بھونگیر اور عادل آباد شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق متعلقہ اضلاع کے ضلعی انتظامیہ کوانتباہ دیاگیا ہے کہ وہ ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس سال مانسون کے آغاز سے لے کر اب تک ریاست بھر میں اوسطاً 26.23 سینٹی میٹر بارش کی پیش قیاسی کی گئی تھی، مگر تاحال صرف 20.43 سینٹی میٹر ہی بارش ریکارڈ ہوئی ہے، جو معمول سے کم ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بارش کے دوران احتیاط برتیں، نچلے علاقوں میں رہنے والے افراد خصوصی چوکسی اختیار کریں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔