دہلی

منموہن سنگھ کی ہفتہ کو آخری رسومات ، سابق وزیراعظم کو مختلف سیاسی قائدین کا خراج

منموہن سنگھ کی ترنگے میں لپٹی نعش ان کے 3 موتی لال نہرو مارگ والے وسیع و عریض بنگلہ لائی گئی جہاں وہ گزشتہ 10 برس سے ریٹائرمنٹ کی زندگی بسر کررہے تھے۔

نئی دہلی: صدرجمہوریہ دروپدی مرمو‘ نائب صدر جگدیپ دھنکر‘ وزیراعظم نریندر مودی اور کانگریس قائدین سونیا گاندھی اور ملیکارجن کھرگے اُن اعلیٰ رہنماؤں میں شامل ہیں جنہوں نے نئی دہلی میں جمعہ کے دن سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کو ان کے سرکاری بنگلہ پہنچ کر خراج عقیدت ادا کیا۔ مودی نے اپنے پیشرو کی موت کو ملک کا بڑا نقصان قراردیا۔

متعلقہ خبریں
کانگریس کچرا پارٹی:کے ٹی آر
جمہوریت کیلئے منموہن سنگھ کی خدمات قابل قدر۔ راجیہ سبھا ارکان کی وداعی تقریب
سندیش کھالی متاثرین کی صدر جمہوریہ سے ملاقات
ماحول ہمارے حق میں ہے تاہم حد سے زیادہ پراعتماد نہ ہوں: سونیاگاندھی
اسرائیل اور حماس کی لڑائی میں امریکہ کا فوج بھیجنے کا کوئی ارادہ نہیں: کملا ہیرس

انہوں نے ویڈیو پیام میں کہا کہ ملک اور ملک کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے منموہن سنگھ نے جو خدمات انجام دیں انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ہندوستان میں معاشی اصلاحات کا آغاز کرنے والے ڈاکٹر منموہن سنگھ جمعرات کی رات نئی دہلی کے ایمس میں چل بسے۔ ان کی عمر 92 سال تھی۔

مرکزی کابینہ نے بھی اظہارِ تعزیت کیا اور انہیں عظیم مدبر قراردیا جس نے قومی زندگی پر اپنی چھاپ چھوڑی۔ مودی کی صدارت میں کابینی اجلاس میں 2منٹ کی خاموشی منائی گئی۔ منموہن سنگھ کی ترنگے میں لپٹی نعش ان کے 3 موتی لال نہرو مارگ والے وسیع و عریض بنگلہ لائی گئی جہاں وہ گزشتہ 10 برس سے ریٹائرمنٹ کی زندگی بسر کررہے تھے۔

پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ 3 لڑکیاں شامل ہیں۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے منموہن سنگھ کو خراج عقیدت ادا کیا۔ سابق وزیراعظم کی بیوی گرشرن کور اور دیگر ارکان خاندان اس موقع پر موجود تھے۔ کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ منموہن سنگھ کا آخری سفر ہفتہ کی صبح 9:30 بجے سے اے آئی سی سی ہیڈکوارٹرس سے شروع ہوگا۔

 راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی بھی منموہن سنگھ کے بنگلہ میں موجود تھے۔ آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے کہا کہ بھارت کے لئے منموہن سنگھ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ 26 ستمبر 1932 کو غیرمنقسمہ ہندوستان کے صوبہ پنجاب کے موضع گاہ میں منموہن سنگھ کی پیدائش ہوئی تھی۔ ان کے والد کا نام گرمکھ سنگھ اور ماں کا نام امرت کور تھا۔

 انہوں نے 1948 میں میٹرک کا امتحان دیا تھا۔ ان کا تعلیمی سفر پنجاب سے برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی تک جاری رہا۔ انہوں نے معاشیات میں فرسٹ کلاس آنرس ڈگری لی تھی اور بعدازاں آکسفورڈ یونیورسٹی کے نفیلڈ کالج سے معاشیات میں ڈاکٹریٹ کی تھی۔ 1947کے بٹوارہ میں منموہن سنگھ کا خاندان ہندوستان چلا آیا تھا اور ان کے گریجویشن تک امرتسر میں کرایہ کے ایک چھوٹے مکان میں مقیم تھا۔