تلنگانہ

کامن انٹرنس ٹسٹس کیلئے نقائص سے پاک انتظامات ضروری: وزیر تعلیم

ریاستی وزیر تعلیم پی سبیتا اندرا ریڈی نے عہدیداروں کو تلنگانہ اسٹیٹ کامن انٹرنس ٹسٹس کیلئے نقائص سے پاک انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر تعلیم پی سبیتا اندرا ریڈی نے عہدیداروں کو تلنگانہ اسٹیٹ کامن انٹرنس ٹسٹس کیلئے نقائص سے پاک انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔

آج یہاں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا چونکہ امتحانات کمپیوٹر بیسڈ طریقہ کار پر منعقد کئے جارہے ہیں۔ عہدیداروں کو پاسورڈس کو لیکر انتہائی احتیاط سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف کورسس کے اہلیتی امتحانات کے انعقاد کے ذمہ دار یونیورسٹیز کو امتحانات کے پرامن انعقاد کے دوران ممکنہ تعاون کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو محکمہ پولیس کا تعاون حاصل کرتے ہوئے بہترین حفاظتی انتظامات کرنے کی تلقین کی۔

سبیتا اندرا ریڈی نے عہدیداروں کو طلبا اور اولیائے طلباء کو ہدایت جاری کرنے کا مشورہ دیا کہ وہ مقرر وقت سے پہلے امتحانی مراکز پہنچ جائیں اور ہال ٹکٹس پر تحریر رہنمایانہ خطوط پر عمل کریں۔

اس اجلاس میں سکریٹری محکمہ تعلیمات وی کرونا، کمشنر ٹیکنیکل اینڈ کالج ایجوکیشن نوین متل، صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن پروفیسر لمبادری، پروفیسر وی وینکٹ رمنا، مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس و دیگر نے شرکت کی۔