دہلی

ویڈیو: دہلی کے دواخانہ میں مہیب آگ، 7 نومولود بچوں کی موت۔ دردناک مناظر (تفصیلی خبر)

مشرقی دہلی کے وویک وہار میں بچوں کے ایک خانگی دواخانہ میں مہیب آگ بھڑک اٹھی۔ 7نومولود بچوں کی موت واقع ہوئی۔ عہدیداروں نے اتوار کے دن یہ بات بتائی۔

نئی دہلی: مشرقی دہلی کے وویک وہار میں بچوں کے ایک خانگی دواخانہ میں مہیب آگ بھڑک اٹھی۔ 7نومولود بچوں کی موت واقع ہوئی۔ عہدیداروں نے اتوار کے دن یہ بات بتائی۔

دہلی فائر سرویس کے عہدیداروں نے کہا کہ بے بی کیئرنیوبورن ہاسپٹل میں ہفتہ کی رات11:30بجے کے آس پاس آگ بھڑک اٹھی جو فوری دو متصل عمارتوں تک پھیل گئی۔ آگ بجھانے کیلئے 16 فائرٹنڈر طلب کئے گئے۔ ڈیویژنل فائر سرویس راجندراٹوال نے یہ بات بتائی۔

انہوں نے کہا کہ دو منزلہ عمارت میں رکھے آکسیجن سلنڈرس پھٹ پڑے جس کی وجہ سے متصل عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ محکمہ فائر کے ایک اور عہدیدار نے کہا کہ متصل عمارت میں دو بوٹیک‘ انڈس انڈ بینک کا ایک حصہ اور گراؤنڈ فلور کی ایک دکان کو نقصان پہنچا۔ اس کے علاوہ ایک ایمبولنس اور عمارت کے باہر پارک اسکوٹی بھی زد میں آئی۔

چیف منسٹر اروندکجریوال نے کہا کہ لاپرواہی کے ذمہ داروں کو بخشا نہیں جائے گا۔ وزیرصحت سوربھ بھاردواج نے بھی کہا کہ لاپرواہی برتنے والوں کو سخت سزا ملے گی۔ ایکس پر پوسٹ میں کجریوال نے کہا کہ حکومت ان لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے جنہوں نے اپنے بچے گنوائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ زخمیوں کا بہتر علاج یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آگ کی وجوہات کا پتہ چلایاجارہا ہے اور جو بھی لاپرواہی برتنے کا مرتکب پایاجائے گا اسے بخشا نہیں جائے گا۔ دہلی فائر سرویس کے سربراہ اتل گرگ نے کہا کہ 12 نومولود بچوں کو بچالیاگیا لیکن ان میں 7 نے دم توڑدیا۔ پانچ بچے دوسرے دواخانہ میں زیرعلاج ہیں۔ بعض بچے‘ معمولی طور پرجھلسے ہیں۔

نعشیں پوسٹ مارٹم کیلئے جی ٹی بی (گروتیغ بہادر) ہاسپٹل لے جائی گئیں۔ڈپٹی کمشنر پولیس(شاہدرہ) سریندرچودھری نے کہا کہ دواخانہ کے مالک نوین کچی کے خلاف وویک وہارپولیس اسٹیشن میں آئی پی سی 336اور 304A کے تحت معاملہ درج کیاگیا ہے۔ اسے پکڑنے کیلئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

دواخانے کے فائر این اوسی کی بھی جانچ کی جارہی ہے۔ اگر یہ سرٹیفکیٹ نہیں پایاگیاتو آئی پی سی کے سیکشنس لگائے جائیں گے۔ عینی شاہدین کے بموجب مقامی لوگ اور ایک این جی او(غیرسرکاری تنظیم) شہیدسیوادل کے ارکان سب سے پہلے مدد کو پہنچے۔

بعض مقامی لوگ پچھلی سمت سے عمارت کے اوپرچڑھ گئے اور انہوں نے بعض نومولود بچوں کو بچالیا۔ مقامی شخص روی گپتا نے بتایاکہ بعض لوگ پچھلے حصہ سے عمارت پرچڑھ گئے اور انہوں نے ایک کے بعد ایک بچے کو باہرنکالا۔ سیوا دل کے ایک رکن نے دعویٰ کیاکہ دواخانہ کی عمارت کو آگ لگتے ہی دواخانے کا عملہ فرارہوگیا۔

ایک مقامی شخص مکیش بنسل نے دعویٰ کیاکہ عمارت میں آکسیجن سلنڈر کو دوبارہ بھرنے کا غیرقانونی کام چل رہا تھا۔ اس نے کہا کہ ہم نے مقامی کونسلر سے اس کی شکایت کی تھی لیکن کوئی کاروائی نہیں ہوئی۔

یہ کام پولیس کی ناک کے نیچے ہورہا تھا۔ بنسل نے کہا کہ وہ دواخانہ کے قریب رہتا تھا لیکن سلنڈرس کی غیرقانونی ریفیلنگ کے باعث اگلی گلی میں منتقل ہوگیا۔

a3w
a3w