اٹلی میں مائیگرنٹس کی کشتی غرقاب‘ 28 پاکستانی جاں بحق
اٹلی کے جنوبی علاقہ میں ایک کشتی جس میں گنجائش سے زائد مسافرین سوار تھے‘ غرقاب ہوگئی۔ 59 مائیگرنٹس بشمول 28 پاکستانیوں کی موت واقع ہوئی۔

اسلام آباد: اٹلی کے جنوبی علاقہ میں ایک کشتی جس میں گنجائش سے زائد مسافرین سوار تھے‘ غرقاب ہوگئی۔ 59 مائیگرنٹس بشمول 28 پاکستانیوں کی موت واقع ہوئی۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔
ساحلی شہر کروٹون کے میئر نے ٹی وی چیانل اسکائی ٹی جی 24 کو بتایا کہ چند منٹ قبل توثیق ہوچکی ہے کہ 59 جانیں گئی ہیں۔ روم میں پاکستانی سفارت خانہ کے بموجب اس منحوس کشتی میں 40 پاکستانی سوار تھے۔
جیو نیوز نے یہ اطلاع دی۔ ریسکیو عہدیداروں نے سمندر سے 28 پاکستانیوں کی نعشیں نکالی ہیں جبکہ دیگر 12 ابھی بھی لاپتہ ہیں۔ پاکستانی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ان کا اطالوی حکام‘ رضاکاروں اور میری ٹائم ایجنسیوں سے اس سلسلہ میں ربط قائم ہے۔
سفارت خانہ نے یہ بھی بتایا کہ وہ پاکستانی کمیونٹی سے بھی رابطہ میں ہے۔ اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ روم میں پاکستانی سفارت خانہ‘ اطالوی حکام سے حقائق دریافت کررہا ہے۔
قبل ازیں کوسٹ گارڈ سروس نے کہا تھا کہ ساحل پر 43 نعشیں پائی گئیں اور 80لوگ زندہ برآمد ہوئے۔ ان میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو تیر کر ساحل پر پہنچے۔
یہ کشتی کئی دن قبل پاکستان‘ افغانستان‘ ایران اور کئی دیگر ممالک کے مائیگرنٹس کو لے کر ترکی سے روانہ ہوئی تھی۔