مودی نے دہلی آگ متاثرین کیلئے امداد کا اعلان کیا
وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو دہلی آتشزدگی میں 6 شیر خوار بچوں کی موت پر غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ کو مالی امداد دینے کا اعلان کیا۔
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو دہلی آتشزدگی میں 6 شیر خوار بچوں کی موت پر غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ کو مالی امداد دینے کا اعلان کیا۔
اس دوران دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے چیف سکریٹری کو تحقیقات کرنے کی ہدایت دی۔وزیر اعظم کے دفتر نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا، "دہلی کے ایک اسپتال میں آگ لگنے کے تناظر میں، وزیر اعظم نے اعلان کیا ہے کہ پی ایم این آر ایف ہر مرنے والے کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا رقم فراہم کرے گا اور ہر زخمی کو 50,000 روپے دیے جائیں گے۔
اس دوران لیفٹیننٹ گورنر سکسینہ نے کہا کہ میں نے چیف سکریٹری سے دہلی چلڈرن اسپتال میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعات کی تحقیقات کرانے کے لئے کہا ہے۔ انہوں نے پولیس کمشنر کو تمام ضروری چیزوں کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی ہے۔
سکسینہ نے کہا، "سوگوار کنبوں کے تئیں میری دلی تعزیت ہے۔ میں متاثرین کو ہر قسم کی امداد کا یقین دلاتا ہوں اور اس بات کو یقینی بناوں گا کہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔”اسے ایک دل دہلا دینے والا واقعہ قرار دیتے ہوئے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال سمیت دیگر نے بھی اس المناک واقعہ پر تعزیت کا اظہار کیا۔
صدر مرمو نے کہا، "دہلی کے وویک وہار کے ایک اسپتال میں آگ لگنے سے کئی بچوں کی موت کی خبر دل کو دہلا دینے والی ہے، بھگوان سوگوار والدین اور رشتہ داروں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت دے۔” انہوں نے اس واقعے میں زخمی ہونے والے دیگر بچوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔نائب صدر دھنکھڑ نے کہا، "میں آج نئی دہلی کے ایک اسپتال میں نوزائیدہ بچوں کی موت سے بہت افسردہ ہوں۔
غم کی اس گھڑی میں سوگوار کنبہ کے افراد سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتا ہوں۔”وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کیا، "دہلی کے ایک اسپتال میں آتشزدگی کا واقعہ دل دہلا دینے والا ہے۔ میری تعزیت اس ناقابل یقین حد تک مشکل وقت میں سوگوار کنبوں کے ساتھ ہے۔
میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتا ہوں۔”دہلی کے وزیر اعلیٰ کیجریوال نے کہا کہ بچوں کے اسپتال میں آگ لگنے کا واقعہ دل کو دہلا دینے والا ہے۔ ہم سب ان لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں جنہوں نے اس حادثے میں اپنے معصوم بچے کھوئے ہیں۔ واقعے کی وجوہات کی تحقیقات کی جائیں گی اور جو بھی اس لاپرواہی کا ذمہ دار ہوگا اسے بخشا نہیں جائے گا۔