مودی حکومت نے نوجوانوں کے مستقبل کو تاریکی میں دھکیل دیا: راہول گاندھی
راہول گاندھی نے کہاکہ کسی بھی عام گھرانے سے پوچھیں کہ وہ آج مہنگائی کی وجہ سے اپنے بچوں کو اچھی تعلیم دلانے میں کن مشکلات سے دوچار ہیں۔ والدین مہنگی تعلیم کا بوجھ اٹھا کر دن رات محنت کر کے اپنے بچوں کو تعلیم دلا رہے ہیں۔
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ مودی حکومت کی پالیسیوں نے ہر طبقہ کو مایوس کیا ہے ، خاص طور پر بے روزگار نوجوانوں کی امیدوں کو شکست دے کرملک کے مستقبل کو تاریکیوں میں دھکیل دیا ہے پیر کو اپنے فیس بک پیغام میں گاندھی نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا میں بڑی تعداد میں نوجوان شامل ہو رہے ہیں۔
اور اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ملک کے نوجوان مودی حکومت کی پالیسیوں سے مایوس ہیں لک میں بیروزگاری 45 سال میں سب سے زیادہ ہے، چھوٹے تاجروں کے لیے کام کرنا مشکل ہوگیا ہے اور روزگار کی تلاش میں بھٹکنے والے نوجوانوں کو اب بھارت جوڑو یاترا میں امید کی کرن نظر آرہی ہے۔
انہوں نے کہا ’’ہماری بھارت جوڑو یاترا سے نوجوان اتنی بڑی تعداد میں ہم سے کیوں جڑ رہے ہیں؟ آٹھ سال قبل وزیراعظم نے ملک کے نوجوانوں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ سالانہ دو کروڑ نوکریاں دیں گے لیکن آج صورتحال یہ ہے کہ ملک میں 45 سال میں سب سے زیادہ بے روزگاری ہے، نوجوان مایوس اور ناامیدیں ہو چکے ہیں۔
کسی بھی عام گھرانے سے پوچھیں کہ وہ آج مہنگائی کی وجہ سے اپنے بچوں کو اچھی تعلیم دلانے میں کن مشکلات سے دوچار ہیں۔ والدین مہنگی تعلیم کا بوجھ اٹھا کر دن رات محنت کر کے اپنے بچوں کو تعلیم دلا رہے ہیں۔
اس سب کے بعد بھی آج ملک کا نوجوان ہاتھ میں ڈگری لیے روزگار کی تلاش میں سڑکوں پر بھٹک رہےہیں۔ ہماری بھارت جوڑو یاترا کا مقصد نوجوانوں سے ملنا، ان کے مسائل اور مشکلات کو سننا اور سمجھنا ہے۔ آج نوجوانوں کے لیے حالات بہت مشکل ہیں۔‘‘
مسٹر گاندھی نے مزید کہا ’’ملک کے 42 فیصد نوجوان بے روزگار ہیں، پچھلے پانچ سالوں میں بے روزگاری دوگنی ہو گئی ہے، نوجوان بے چین ہیں اور ہم انہیں تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔ بی جے پی حکومت نے نوجوانوں کے حوصلوں پر سخت ضرب لگائی ہے، جھوٹ بول کر انہیں دھوکہ دیا ہے، نوجوانوں کے خواب چکنا چور کر دیے ہیں۔
نجکاری کا شکنجہ نوجوانوں کی جان لے رہا ہے، تین چار سال کے کنٹریکٹ پر سرکاری نوکریوں کا رجحان نوجوانوں کے مستقبل کو مزید تاریکیوں میں دھکیل رہا ہے۔
ہماری بھارت جوڑو یاترا کے دوران، میں بہت سارے باصلاحیت نوجوانوں سے مل رہا ہوں، لڑکے ہوں یا لڑکیاں، ہر ایک میں بہت زیادہ ٹیلنٹ چھپا ہوا ہے، میں ان نوجوانوں سے مل کر بہت خوش ہوں اور میری خواہش ہے کہ ان نوجوانوں کو بہتر مواقع اور آپشن ملیں، ایک بے رحم اور لاپرواہ حکومت کی وجہ سے ہم اپنے نوجوانوں کے مستقبل کو برباد نہیں ہونے دے سکتے۔
میں ایک بار پھر نوجوانوں سے کہتا ہوں، اس سفر میں بڑی تعداد میں ہمارا ساتھ دیں، ہم سے بات کریں، آپ اور ہم مل کر اس حکومت کو آپ کی بات سننے پر مجبور کریں گے۔ نوجوانوں کا مستقبل ملک کا مستقبل ہے اور ہم انہیں برباد ہوتے دیکھ کر خاموش نہیں رہیں گے۔ بے روزگاری سے رشتہ توڑو، بھارت جوڑو۔