دہلی

مودی‘ چین کو سزاکے بجائے انعام دے رہے ہیں : اروند کجریوال

اروندکجریوال نے نئی دہلی میں اپنی پارٹی کی قومی کونسل میٹنگ سے خطاب میں کہاکہ چین کی جارحیت بڑھتی جارہی ہے۔ سرحد پر کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ بی جے پی حکومت ایسا بیانیہ دیناچاہتی ہے جیسے سب کچھ ٹھیک ہے۔

نئی دہلی: چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے اتوار کے دن وزیراعظم نریندرمودی کو نشانہ تنقید بنایاکہ وہ سرحد پر گھس پیٹھ کے معاملہ میں چین کو سزا دینے کے بجائے انعام دے رہے ہیں۔

اروندکجریوال نے نئی دہلی میں اپنی پارٹی کی قومی کونسل میٹنگ سے خطاب میں کہاکہ چین کی جارحیت بڑھتی جارہی ہے۔ سرحد پر کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ بی جے پی حکومت ایسا بیانیہ دیناچاہتی ہے جیسے سب کچھ ٹھیک ہے۔ چین کو سزا دینے کے بجائے مرکزی حکومت اسے نواز رہی ہے۔

 کجریوال نے الزام عائد کیاکہ ہم چین سے سامان خریدتے ہی جارہے ہیں۔ ایسا کیوں ہے؟ سال 2020-21میں ہی ہم نے چین سے 65ملین امریکی ڈالرکا سامان خریدا۔ چین کی جارحیت بڑھ گئی اور ہم نے اگلے سال 95 بلین ڈالر کا سامان اس سے خریدا۔ کیا ہم‘ اندرون ملک مینوفیکچرنگ کو کئی گنا نہیں بڑھاسکتے۔

بی جے پی حکومت کو ہمارے فوجیوں کی جان کی کوئی پرواہ نہیں۔ گذشتہ ہفتہ ہندوستانی فوجیوں نے چینی فوجیوں کو ہندوستانی علاقہ میں گھسنے سے باز رکھا تھا۔ 9 دسمبرکو اروناچل پردیش کے توانگ سیکٹر میں یہ واقعہ پیش آیاتھا۔

 دونوں ممالک کی پٹرولنگ ٹیمیں آپس میں الجھ گئی تھیں۔ ہاتھا پائی ہوئی تھی۔ بعض فوجی پتھریلی زمین پر گرپڑے اور زخمی ہوگئے۔ وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ میں کہاکہ اس جھڑپ میں دونوں طرف کے چند فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ جون 2020ء میں لداخ کی وادی گالوان میں خونریزجھڑپ میں 20ہندوستانی فوجی اور 4چینی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔