مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا درود و سلام کی فضیلت پر خطاب
مولانا قادری نے حاضرین کو تلقین کی کہ وہ روزانہ درود و سلام کے ساتھ کلمہ طیبہ کا ذکر بھی کریں، جس سے برکت میں اضافہ ہوتا ہے۔

حیدرآباد: خطیب و امام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز نامپلی حیدرآباد، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے درود و سلام کی فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کلمہ طیبہ مخلوق کا افضل الذکر ہے، لیکن اللہ کا افضل الذکر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود پاک بھیجنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ عمل نہ صرف اللہ تعالی کی جانب سے کیا جاتا ہے بلکہ مخلوق کو بھی اس کی ہدایت فرمائی گئی ہے۔
مولانا قادری نے حاضرین کو تلقین کی کہ وہ روزانہ درود و سلام کے ساتھ کلمہ طیبہ کا ذکر بھی کریں، جس سے برکت میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اللہ تعالی کا فضل ہے کہ اس سر زمین پر اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدحت کے لئے اپنے بندوں کو متعین کیا ہے۔
ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے مولانا قادری نے بتایا کہ امام ابن حجر عسقلانی رحمۃ اللہ علیہ کے مطابق، ایک نوجوان اپنی ماں کے ساتھ حج کرنے کے لئے مکہ مکرمہ گیا۔ جب وہاں پہنچے تو اس کی ماں کو غشی کا دورہ پڑا۔ نوجوان نے اللہ سے فریاد کی کہ یہ کیسا دستور ہے کہ اس گھر آنے والے کو یہ حالات پیش آتے ہیں۔ اسی دوران، حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نمودار ہوئے اور نوجوان کی ماں کو فوراً ہوش آگیا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے نوجوان کو نصیحت کی کہ وہ اپنی زندگی میں ہر قدم پر درود پاک پڑھے۔
مولانا قادری نے مزید کہا کہ آج شہر حیدرآباد میں میلاد جلوس نکالا جا رہا ہے۔ انہوں نے شرکاء سے درخواست کی کہ وہ شریعت کی روشنی میں خوشی منائیں اور غیر شرعی اعمال جیسے گانا بجانا، رقص کرنا، یا بلند آواز سے ریکارڈ لگانا وغیرہ سے پرہیز کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ، کعبہ شریف اور گنبد خضراء کے ماڈل بنانا اور راستوں میں رکھنا احترام کے خلاف ہے۔ اسلام ایک اعلیٰ اور پاکیزہ مذہب ہے، اور اس میں لغویات، خرافات اور غیر اسلامی حرکات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔