غریب عورتوں کو ماہانہ 3 ہزار اور بے روزگار نوجوانوں کو 4 ہزار کا الاؤنس۔ انتخابی منشور ’مہاراشٹرانامہ‘جاری
کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے مہاراشٹرا اسمبلی الیکشن (20نومبر) کے لئے مہاوکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کا جامع انتخابی منشور ”مہاراشٹرنامہ“ جاری کرتے ہوئے اتوار کے دن عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس۔ این سی پی(ایس پی)۔ شیوسینا(یو بی ٹی) اتحاد کی تائید کریں۔
ممبئی (آئی اے این ایس) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے مہاراشٹرا اسمبلی الیکشن (20نومبر) کے لئے مہاوکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کا جامع انتخابی منشور ”مہاراشٹرنامہ“ جاری کرتے ہوئے اتوار کے دن عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس۔ این سی پی(ایس پی)۔ شیوسینا(یو بی ٹی) اتحاد کی تائید کریں۔
منشور میں شیواجی کے ویژن کے زیراثر اچھی حکمرانی کا وعدہ کیا گیا۔ ایم وی اے اقتدار میں آنے کے ابتدائی 100 دن میں عورتوں، کسانوں، نوجوانوں، تعلیم، صحت، صنعت، سماجی انصاف، شہری ترقیات اور عمدہ حکمرانی کے اہداف کی تکمیل کرے گی۔ لڑکی بہن اسکیم کے تحت مہایوتی حکومت غریب عورتوں کو 1500 روپے دے رہی ہے۔
اس کا توڑ کرنے کے لئے مہاوکاس اگھاڑی نے وعدہ کیا کہ مہالکشمی اسکیم کے تحت ماہانہ 3000روپے دئے جائیں گے۔ کاشتکاروں کا 3لاکھ روپے تک کا زرعی قرض معاف کردیا جائے گا۔ وقت پر قرض کی رقم لوٹادینے والوں کو 50 ہزار روپے کی چھوٹ ملے گی۔ تعلیمیافتہ بے روزگار نوجوانوں کو ماہانہ 4000 ہزار روپے الاؤنس ملے گا۔ 2لاکھ 50 ہزار سرکاری نوکریاں بھرتی کی جائیں گی۔ ہر سال 2.5لاکھ نئی نوکریاں نکالی جائیں گی۔
ہر سال 500 روپے میں 6پکوان گیس سلنڈر دئے جائیں گے۔ 300 یونٹ ماہانہ برقی استعمال کرنے والوں کو 100 یونٹ برقی مفت ملے گی۔ ریاستی آر ٹی سی بسوں میں عورتیں مفت سفر کرسکیں گی۔ حیض کی دو دن کی رخصت دی جائے گی۔ 18 سال کی عمر کو پہنچنے والی ہر لڑکی کو ایک لاکھ روپے ملیں گے۔ 9 تا 16 سال کی لڑکیوں کو سروائیکل کینسر ویکسین مفت دی جائی گی۔
کانگریس صدر نے وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کی کہ وہ بلند بانگ اور بے بنیاد دعوے کرتے ہوئے مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں۔ ان کے کئی وعدے ادھورے رہ گئے جبکہ کانگریس نے ہر ریاست میں اپنے وعدے وفا کئے ہیں۔ مہاراشٹرا میں واحد مرحلہ میں 20 نومبر کو ووٹ ڈالیں جائیں گے۔