سوشیل میڈیاکرناٹک
ٹرینڈنگ

اذان کی توہین کا ایک اور واقعہ۔ مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والی ویڈیو وائرل

وینور پولیس اسٹیشن کی حدود میں اذان کی توہین اور قابل اعتراض رقص کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس واقعہ کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

بنگلورو: وینور پولیس اسٹیشن کی حدود میں اذان کی توہین اور قابل اعتراض رقص کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس واقعہ کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

یہ واقعہ "پُرُش کٹونا” (Purusha Kattuna) نامی ایک مقامی پروگرام کے دوران پیش آیا، جو پیرادی (Peradi)، وینور، بلتھنگڈی (Belthangady) کے علاقے میں منعقد ہوا تھا۔

ویڈیو میں کچھ افراد کو روایتی مسلم لباس پہن کر اذان کے دوران ناچتے ہوئے اور غیر مہذب حرکات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جسے عوام نے اسلام کی کھلی توہین قرار دیا ہے۔

یاد رہے کہ کچھ دن قبل بھی اسی علاقہ میں مردوں کی ایک روایتی تقریب کے دوران اسلام کی توہین کا ایک اور واقعہ پیش آیا تھا۔ اُس وقت بھی وینور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی گئی تھی، مگر اس پر کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر پولیس نے پہلے واقعہ پر سخت کارروائی کی ہوتی تو یہ دوسرا واقعہ پیش نہ آتا۔ شہریوں نے پولیس کی خاموشی پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

اس معاملہ پر ایس ڈی پی آئی (SDPI) کے رہنماؤں نے وینور پولیس اسٹیشن کا دورہ کیا اور متعلقہ افراد کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے پولیس افسران کو ایک یادداشت بھی پیش کی، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ جو افراد مسلم لباس پہن کر اذان کی بے حرمتی کر رہے تھے، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔