حیدرآباد

موسیٰ پروجیکٹ، مکانات کے انہدام کی مخالفت،اندرا پارک پرمہادھرنا

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے جمعہ کے روز اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ موسیٰ ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ پر عمل آوری کیلئے غریبوں کے مکانات کی مسماری کی شدید مخالفت کرے گی۔

حیدرآباد۔ (آئی اے این ایس) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے جمعہ کے روز اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ موسیٰ ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ پر عمل آوری کیلئے غریبوں کے مکانات کی مسماری کی شدید مخالفت کرے گی۔

متعلقہ خبریں
جی ایچ ایم سی کا اگلا میئر بی جے پی کا ہوگا: بنڈی سنجے
ہم موسیٰ پراجکٹ کے متاثرین کی مدد کریں گے: ہریش راؤ
لائم لائٹ ڈائمنڈز نے حیدرآباد میں اپنے دوسرے اسٹور کا افتتاح کردیا، لکشمی مانچو نے انجام دیا افتتاحی فریضہ
آر ٹی سی ملازمین کا احتجاج ، یونین قائدسے گورنر کی ملاقات
حیدرآباد کے ڈائیٹ کالج میں داخلے کے لیے ویب کونسلنگ کا مطالبہ

شہر میں اندرا پارک کے قریب دھرنا چوک پراحتجاج منظم کرتے ہوئے بی جے پی نے ریاست کی کانگریس حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ موسیٰ ندی کے کناروں رہائشی علاقوں سے عوام کو بیدخل کرنے کا منصوبہ ترک کردے۔

مرکزی وزیر کوئلہ جی کشن ریڈی جو تلنگانہ بی جے پی کے صدر بھی ہیں، نے اس دھرنا کی قیادت کی۔ اس دھرنا میں مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کمار، بی جے پی کے اوبی سی مورچہ کے صدر ڈاکٹر کے لکشمن، پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ ای راجندر، ڈی کے ارونا اور اسمبلی میں پارٹی کے فلور لیڈر اے مہیشور ریڈی اور د یگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کشن ریڈی نے صاف طور پر کہا ہے کہ ان کی پارٹی، غریبوں کے ساتھ کھڑی رہے گی اور بی جے پی، غریبوں کے مکانات منہدم کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی، موسیٰ ندی کی بحالی اور اس کو خوبصورت بنانے کے منصوبہ کے خلاف نہیں ہے ہم صرف غریبوں کے مکانات کے انہدام کے خلاف ہیں جوکئی برسوں سے یہاں مقیم ہیں۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کا یہ الزام کہ آیا اپوزیشن جماعتیں یہ چاہتی ہیں عوام یہاں بدبو دار ماحول میں رہیں؟‘ کشن ریڈی نے پوچھا کہ کیا ندی کے دونوں کناروں پر مقیم عوام نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ یہاں ندی کے قریب نہیں رہنا چاہتے ہیں؟

ریڈی نے حکومت پر زور دیا کہ موسیٰ ندی کے دونوں کناروں پر حفاظتی دیوار تعمیر کراتے ہوئے اپنا جو منصوبہ ہے، اسکو روبعمل لائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بیدخل کئے بغیر ندی کی بحالی اور اسکو خوبصورت بنانے کے پروجیکٹ کو شروع کرنا چاہئے۔

انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے پوچھا کہ آپ غریبوں کے مکانات منہدم کرتے ہوئے کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں؟ ان غریبوں نے کئی سالوں تک محنت مزدوری کرتے ہوئے یہاں اپنے مکانات تعمیر کئے ہیں۔ پیشرو حکومتوں نے ندی کے قریب مقیم افراد میں راشن کا رڈز، آدھار کارڈز اور دیگر دستاویزات جاری کرتے ہوئے انہیں تمام سہولتیں فراہم کی ہیں۔

مرکزی وزیر نے الزام عائد کیا کہ برسر اقتدار آتے ہی کانگریس حکومت نے انہدامی کارروائی شروع کی ہے۔ حائیڈرا کی کارروائیوں سے غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں۔ کشن ریڈی نے کہا کہ 6ضمانتوں پر عمل آوری اور دیگر 400 وعدے کرتے ہوئے کانگریس نے اقتدار حاصل کیا لیکن حکومت نے عوام سے دغا بازی کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابق بی آر ایس حکومت کی طرح موجودہ کانگریس حکومت بھی مخالف عوام پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔