دہلی

کانگریس میں راہول گاندھی ہمیشہ ایک نمایاں شخصیت رہیں گے: چدمبرم

کانگریس کے سینئر قائد پی چدمبرم نے کل ہند کانگریس کمیٹی کے صدر کے عہدہ کے لئے اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا اور ادعا کیا کہ راہول گاندھی آیا وہ پارٹی کے صدر ہوں یا نہ ہوں ہمیشہ ایک اعلیٰ ترین اور نمایاں شخصیت برقرار رہیں گے۔

نئی دہلی: کانگریس کے سینئر قائد پی چدمبرم نے کل ہند کانگریس کمیٹی کے صدر کے عہدہ کے لئے اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا اور ادعا کیا کہ راہول گاندھی آیا وہ پارٹی کے صدر ہوں یا نہ ہوں ہمیشہ ایک اعلیٰ ترین اور نمایاں شخصیت برقرار رہیں گے۔

انہوں نے کہاکہ وہ عوام کے قائد ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ وہ ایک نمایاں شخصیت کے مالک ہیں۔ پارٹی میں ان کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ تاحال راہول گاندھی نے پارٹی کے صدر کے عہدہ کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔ لیکن ان کے ارادے میں تبدیلی کے امکانات کو مسترد نہیں کیا جاسکتا۔ اپنے اس ارادے کو وہ تبدیل کرسکتے ہیں۔

یہ بات سابق مرکزی وزیر و کانگریس مجلس عاملہ کے رکن نے بتائی۔ پی چدمبرم نے کانگریس کے صدر اور راہول گاندھی کے تعلق سے اپنے تاثرات اور احساسات کا اظہار اس وقت کیا جبکہ عنقریب آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر کے انتخاب کے لئے ہونے والی رائے دہی سے متعلق اعلامیہ جاری ہونے والا ہے۔

خبررساں ادارے پی ٹی آئی کے نمائندے کو انٹرویو دیتے ہوئے کانگریس کے سرکردہ قائد اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے کہاکہ صدر پارٹی کے عہدہ کے لئے ہونے والی پولنگ کے تعلق سے جو خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے‘ وہ غیر درست ہیں۔ صدر کے عہدہ کے لئے ہونے والی پولنگ کے مسئلہ پر کوئی تنازعہ پیدا نہیں نہیں ہوسکتا۔ کیونکہ رائے دہی منصفانہ اور باقاعدگی کے ساتھ ہوگی۔

اس میں کوئی بدعنوانیوں کے امکانات نہیں ہے۔ انہوں نے ادعا کیا کہ سنٹرل الیکشن اتھاریٹی کے صدرنشین مدھوسدھن مستری نے اپنے بیان میں بعض قائدین کی جانب سے پولنگ کے تعلق سے تشویش کی جانب توجہ مبذول کروائی تھی۔ انہوں نے کہاکہ صدر کانگریس کے انتخاب کے تعلق سے جو تنازعات اور شبہات تھے اس کی یکسوئی کرلی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں تمام کام باقاعدگی کے ساتھ کیا جارہا ہے پی سی سی الیکٹرول رول معائنے کے لئے پی سی سی کے دفتر میں دستیاب رہیں گے۔ جبکہ آل انڈیا الیکٹرول رول اے آئی سی سی کے دفتر میں دستیاب رہیں گے جس کا معائنہ کیا جاسکتا ہے۔ ہر نامزد امیدوار کو الیکٹرول رول کی ایک کاپی دی جائے گی۔ مدھوسدھن مستری نے اس سلسلہ میں بعض امور کی وضاحت کردی ہے۔

جبکہ ارکان پارلیمان نے کہا ہے کہ وہ مطمئن ہیں۔ چدمبرم نے یہ بات بتائی۔ لوک سبھا کے ارکان ششی تھرور‘ منیش تیو اری‘ کارتک چدمبرم‘ پی‘ بورڈولی کے علاوہ عبدالخلیق نے مدھوسدن مستری مکتوب روانہ کرتے ہوئے الیکٹرول رولس کے مسئلہ پر وضاحت کرنے کی خواہش کی تھی جس کے بعد پیانل چیف نے وضاحت کی تھی کہ پارٹی صدر کے عہدہ کے لئے کوئی بھی نامزدگی داخل کرسکتا ہے اس کے لئے اے آئی سی سی کی سنٹرل الیکشن اتھاریٹی آفس میں 9 ہزار سے زائد پی سی سی ڈیلی گیٹس کی فہرست کا مشاہدہ 20 ستمبر سے کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ صدر کانگریس کے انتخاب کے لئے 22 ستمبر کو اعلامیہ جاری کیا جائے گا جبکہ 24 تا 30 ستمبر نامزدگیاں عمل میں آئیں گی۔ نامزدگیوں سے دستبرداری کی آخری تاریخ 8 اکتوبر ہے۔ اور اگر ضرو رت ہوتو 17 اکتوبرکو الیکشن ہوگا۔ نتائج کا اعلان 19 اکتوبر کو کیا جائے گا۔ بھارت جوڑو یاترا کے تعلق سے جو کہ 7 ستمبر کو کنیاکماری سے شروع کی گئی ہے۔ چدمبرم نے کہا ہے کہ راہول گاندھی کی اس یاترا پر عوام کا رعدوعمل حوصلہ افزاء ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتشار پسند اور تخریبی طاقتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لئے یہ یاترا شروع کی گئی ہے۔