کسانوں کا احتجاج، دہلی کی سرحدوں پر ٹرافک جام
کسانوں کے احتجاج کے مدنظر قومی دارالحکومت کی سرحدوں پر چہارشنبہ کے دن ٹریفک میں خلل پڑا۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔

نئی دہلی: کسانوں کے احتجاج کے مدنظر قومی دارالحکومت کی سرحدوں پر چہارشنبہ کے دن ٹریفک میں خلل پڑا۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔
سیکوریٹی فورسس کی بھاری تعداد میں تعیناتی کے باعث دہلی۔ ہریانہ سنگھو بارڈر اور دہلی۔ نوئیڈا بارڈر پر بڑا ٹریفک جام دیکھا گیا۔
سرحدوں پر اور شہر کے دیگر حصوں میں رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں اور وسطی دہلی کی طرف جانے والی سڑکوں پر چیکنگ بڑھادی گئی۔
دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے ٹیکری‘ سنگھو اور غازی پور بارڈر کے علاوہ ریلوے‘ میٹرو اسٹیشنوں اور بس اسٹانڈس پر کڑی نظر رکھی ہے۔
ایک عہدیدار نے کہا کہ ہم نے تمام تینوں سرحدوں پر سیکوریٹی بڑھادی ہے تاہم ہم کوئی سرحد یا سڑک بند نہیں کررہے ہیں لیکن گاڑیوں کی چیکنگ جاری رہے گی۔
ریلوے‘ میٹرو اسٹیشنوں اور بس اسٹانڈس پر زائد پولیس اور نیم فورسس کا عملہ لگایا گیا ہے کیونکہ احتجاجی کسان ٹرینوں اور بسوں سے بھی دہلی پہنچ سکتے ہیں۔
دہلی میں دفعہ 144 پہلے ہی نافذ ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس (شاہدرہ) راجیو کمار نے کہا کہ آئی ایس بی ٹی کشمیری گیٹ‘ آنند وہار اور سرائے کالے خان میں سیکوریٹی بڑھادی گئی ہے۔ کسی کو بھی قانون توڑنے نہیں دیا جائے گا۔