مہاراشٹرا

ممبئی ایرپورٹ پر طیارہ کی زد میں آکر 36 سے زائد فلیمگو ہلاک

ایڈیشنل چیف کنزرویٹر آف فارسٹس (مینگروو پروٹیکشن سیل) ایس وائی راما راؤ نے کہا کہ اس علاقے میں فلیمنگو کی 36 لاشیں ملی ہیں اور یہ جاننے کے لیے تلاش شروع کی گئی ہے کہ آیا مزید فلیمنگو مارے گئے ہیں۔

ممبئی : ممبئی کے ہوائی اڈے پرلینڈنگ چند سیکنڈ قبل امارات کے ایک طیارہ کی زد میں آکر کم از کم 36 فلیمنگو ہلاک ہوگئے ہیں۔ پیر کی رات ممبئی کے گھاٹ کوپر میں پنت نگر کے لکشمی نگر علاقے میں 310 مسافروں کو لے کر ممبئی تا دبئی امارات کی پرواز کی زد میں آکر یہ 36 فلیمنگو ہلاک ہوگئے۔

متعلقہ خبریں
طیارہ میں بم کی جھوٹی اطلاع، کال کرنے والا 10سالہ لڑکا نکلا

ممبئی کے ہوائی اڈے کے ذرائع نے بتایا کہ امارات کی پرواز ( ای کے 508 ) نے رات 9.18 بجے پہنچنے پر ایک پرندے کے ٹکرانے کی اطلاع دی۔ جس طیارہ کو نقصان پہنچا تھا وہ ممبئی کے ہوائی اڈے پر بحفاظت اتر گیا، اور اسے فی الحال وہیں گراؤنڈ کیا گیا ہے۔

ایڈیشنل چیف کنزرویٹر آف فارسٹس (مینگروو پروٹیکشن سیل) ایس وائی راما راؤ نے کہا کہ اس علاقے میں فلیمنگو کی 36 لاشیں ملی ہیں اور یہ جاننے کے لیے تلاش شروع کی گئی ہے کہ آیا مزید فلیمنگو مارے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک پرواز سے ٹکرا گئے، اور مزید متاثرہ فلیمنگو کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

مینگروو پروٹیکشن سیل کے ڈپٹی کنزرویٹر دیپک کھڈے نے کہا، “ایئرپورٹ حکام نے پرندوں کی ہلاک ہونے کے بارے میں تصدیق کی ہے۔ یہ لکشمی نگر (گھاٹ کوپر ایسٹ کے شمالی سرے) کے قریب ہوا ہے۔

مینگروو پروٹیکشن سیل کے رینج فاریسٹ آفیسر پرشانت بہادرے نے کہا، "میں ہوائی اڈے پر گیا، لیکن انہوں نے مجھے داخلے کی اجازت نہیں دی۔ ایئر پورٹ حکام نے ہمیں بتایا کہ یہ فلیمنگو امارات کی پرواز سے ٹکرائے تھے۔ مقامی رہائشیوں کا ہمیں ایک فون آیا۔ یہ واقعہ رات 8.40 سے 8.50 کے درمیان ہوا ہو گا اور ہماری ٹیم 9.15 بجے موقع پر موجود تھی۔

ماحولیاتی مسائل کے لیے وقف ایک این جی او نیٹ کنیکٹ فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر بی این کمار نے کہا، "علاقہ پرندوں کی لاشوں سے بھرا پڑا تھا۔ پروں، چونچوں، پنجوں کے ٹوٹے ہوئے ٹکڑے ایک بڑے علاقے میں بکھرے ہوئے تھے۔”

جبکہ گزشتہ چند ہفتوں میں فلیمنگو کی اموات میں اضافہ ہوا ہے، یہ پہلا موقع ہے کہ پرندے کسی ہوائی جہاز کے حادثے میں ملوث ہوئے ہیں۔