تعلیم و روزگار

سٹی کالج کے پرنسپل جناب ارشد صدیقی وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش

شہر کے قدیم اور مشہور سٹی کالج کے پرنسپل جناب ارشد صدیقی آج وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہوگئے۔ انہوں نے سٹی کالج کے پرنسپل کے عہدہ کی سال 2018 میں ذمہ داری سنبھالی تھی۔

حیدرآباد: شہر کے قدیم اور مشہور سٹی کالج کے پرنسپل جناب ارشد صدیقی آج وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہوگئے۔ انہوں نے سٹی کالج کے پرنسپل کے عہدہ کی سال 2018 میں ذمہ داری سنبھالی تھی۔

حسینی علم گورنمنٹ جونیر کالج میں جونیر لیکچرر کی حیثیت سے 1996 میں ان کا تقرر ہوا تھا۔ بعد ازاں 2006 میں ایف اے سی پرنسپل فلک نما جونیر کالج کا عہدہ سنبھالا۔ اس کے ساتھ انہیں پرنسپل گورنمنٹ گرلز جونیر کالج میسرم، بارکس کا ایڈیشنل چارج بھی دیا گیا تھا۔

پھر وہ 2017 میں حسینی علم جونیر کالج کے پرنسپل بنائے گئے۔ اس کے بعد 2018 میں سٹی کالج کے پرنسپل بن گئے۔ انہوں نے اپنی طویل تعلیمی خدمات کے دوران جے ایل اسوسی ایشن اور پرنسپالس اسوسی ایشن میں بھی بطور یونین لیڈر نمائندگی کی۔

وہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ کی 6 رکنی ہائی پاور کمیٹی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ جونیر کالجوں کی تین رکنی الحاق کمیٹی (Affiliation Committee) کے رکن بھی رہے۔ ریٹائر ہونے والے جونیر کالجوں کے پرنسپالس کی انسپکشن ٹیم کے ممبر بھی تھے۔

سٹی کالج کے پرنسپل کی حیثیت سے 6 سال طویل خدمات انجام دینے کے بعد وہ 30 جون 2024 کو وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہوگئے۔ اس سلسلہ میں ایک تہنیتی تقریب منعقد کی گئی جس میں جناب ارشد صدیقی کی گلپوشی اور شال پوشی کی گئی۔

تہنیتی تقریب میں مختلف اسکولوں کے اساتذہ، کالجوں کے لیکچررس، ہیڈ ماسٹرس اور پرنسپالس کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور انہیں مبارکباد پیش کی۔

a3w
a3w