جنوبی بھارت

کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا کا 7ستمبر کو کنیاکماری سے آغاز

کانگریس کل یہاں ایک میگا ریالی میں 3570کیلو میٹر طویل بھارت جوڑو یاترا شروع کرے گی۔ وہ معاشی نابرابری‘ مذہبی بنیادوں پر صف بندی اور سیاسی مرکوزیت کے مسائل اٹھانا چاہتی ہے۔

کنیاکماری(ٹاملناڈو): کانگریس کل یہاں ایک میگا ریالی میں 3570کیلو میٹر طویل بھارت جوڑو یاترا شروع کرے گی۔ وہ معاشی نابرابری‘ مذہبی بنیادوں پر صف بندی اور سیاسی مرکوزیت کے مسائل اٹھانا چاہتی ہے۔

وہ اس یاترا سے جسے اکثر نظریاتی جنگ کہا جاتا ہے‘ فائدہ اٹھانے کی بھی کوشش کرے گی۔ یاترا شروع کرنے سے قبل کانگریس قائد راہول گاندھی چہارشنبہ کے دن سری پیرمبدور میں راجیو گاندھی میموریل پر دعائیہ اجتماع میں حصہ لیں گے۔

بعدازاں وہ کنیاکماری میں ایک تقریب میں شرکت کریں گے جس میں چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن‘ چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوت اور چیف منسٹر چھتیس گڑھ بھوپیش بگھیل موجودہوں گے۔ سابق صدر کانگریس کو کھادی کا بنا ترنگا پیش کیا جائے گا۔ مہاتماگاندھی منڈپم میں تقریب کے بعد جس میں اسٹالن اور دیگر کانگریس قائدین موجود ہوں گے‘ راہول گاندھی پبلک ریالی کے مقام پر جائیں گے جہاں سے یاترا کا رسمی طورپر آغاز عمل میں آئے گا۔

ویڈیو پیام میں پرینکا گاندھی وڈرا نے عوام سے خواہش کی کہ جہاں بھی ممکن ہو اس میں حصہ لیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ یاترا ضروری ہے کیونکہ ملک میں منفی سیاست ہورہی ہے اور عوام کے حقیقی مسائل پر کوئی بات نہیں ہورہی ہے۔

کنیاکماری تا سری نگر 3570کیو میٹر طویل یاترا تقریباً 5 ماہ میں 12 ریاستوں اور 2 مرکزی زیرانتظام علاقہ کا احاطہ کرے گی۔ اس کا باقاعدہآغاز 8 ستمبر کی صبح 7 بجے ہوگا۔ راہول گاندھی اور ان کی پارٹی کے کئی قائدین مارچ کریں گے۔ یاترا شروع کرنے سے قبل راہول گاندھی‘ ویویکانند راک میموریل‘ تروولور مجسمہ اور کامراج میموریل بھی جائیں گے۔ پدیاترا کے 2 بیاچ ہوں گے۔

ایک صبح 7 بجے تا 10:30 بجے اور دوسرا سہ پہر 3:30 بجے تا شام 6:30 بجے ہوگا۔ مارننگ سیشن میں شرکاء کم ہوں گے جبکہ ایوننگ سیشن میں زیادہ لوگ ہوں گے۔ اوسطاً پدیاتری روزانہ 22-23 کیلو میٹر چلیں گے۔ کانگریس زور دے کر کہہ چکی ہے کہ اس کی کنیاکماری تا کشمیر یاترا کسی بھی طرح من کی بات نہیں ہے۔

پارٹی نے 119 قائدین بشمول راہول گاندھی کی فہرست بنائی ہے۔ یہ بھارت یاتری کنیاکماری تا سری نگر سارا فاصلہ طئے کریں گے۔ 11 ستمبر کو یاترا کیرالا پہنچے گی اور 18 دن بعد 30 ستمبر کو کرناٹک پہنچے گی۔ کرناٹک میں 21 کا سفر طئے کرنے کے بعد وہ شمالی ریاستوں کا رخ کرے گی۔