مہاراشٹرا

ممبئی: لفٹ میں پھنس کر اسکول ٹیچر کی دردناک موت

ٹیچر جینیل فرنانڈیس دوپہر ایک بجے کے قریب دوسری منزل پر واقع اسٹاف روم میں جانے کے لئے چھٹی منزل پر لفٹ کا انتظار کر رہی تھیں۔

ممبئی: ممبئی میں ایک 26 سالہ ٹیچر اسکول کی لفٹ میں پھنس جانے سے ہلاک ہوگئی۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ شمالی ممبئی کے مضافاتی علاقے ملاڈ کے چنچولی بندر میں واقع سینٹ میری انگلش ہائی اسکول میں جمعہ کو پیش آیا۔

ٹیچر جینیل فرنانڈیس دوپہر ایک بجے کے قریب دوسری منزل پر واقع اسٹاف روم میں جانے کے لئے چھٹی منزل پر لفٹ کا انتظار کر رہی تھیں۔

لفٹ آئی اور وہ اس میں داخل ہوگئیں۔ چونکہ دروازہ ٹھیک سے بند نہیں ہوا تھا، نتیجے میں ان کا بیگ لفٹ کے دونوں دروازوں کے درمیان پھنس گیا۔ لفٹ چل پڑی اور جینیل کا سر بھی بری طرح کچلا گیا۔ یہ منظر سی سی ٹی وی میں ریکارڈ ہوگیا ہے۔

اسکول کا عملہ ان کی مدد کے لیے پہنچا اور انہیں باہر نکالا گیا تاہم وہ شدید زخمی ہوگئی تھیں۔ انہیں فوری طور پر خانگی ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔

ممبئی زون 11 کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس وشال ٹھاکر نے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران، ہم نے حادثاتی موت کی رپورٹ درج کی ہے۔ اگر اس معاملہ میں کوئی انتظامیہ کی لاپرواہی یا کوئی اور سازشی زاویہ نکل آتا ہے تو پولیس قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔