برسوں بعد روہنگیا مسلمانوں کو انصاف؟ عالمی عدالتِ انصاف کا اہم فیصلہ
عالمی عدالتِ انصاف (آئی سی جے) نے میانمار کو روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ایک تاریخی فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے جمعرات کو قرار دیا کہ میانمار نے اگست 2017 میں شمالی ریاست راکھین میں فوجی کارروائی کے دوران روہنگیا برادری کے خلاف نسل کشی کا ارتکاب کیا تھا۔
دی ہیگ (آئی اے این ایس )عالمی عدالتِ انصاف (آئی سی جے) نے میانمار کو روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ایک تاریخی فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے جمعرات کو قرار دیا کہ میانمار نے اگست 2017 میں شمالی ریاست راکھین میں فوجی کارروائی کے دوران روہنگیا برادری کے خلاف نسل کشی کا ارتکاب کیا تھا۔
عدالت کے مطابق میانمار کی سکیورٹی فورسز کی نام نہاد ’کلیئرنس آپریشن‘ کے دوران تقریباً 10 ہزار روہنگیا شہریوں کو قتل کیا گیا۔ یہ فیصلہ نسل کشی سے متعلق بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ ترین عدالتی ادارے میں زیرسماعت دیگر مقدمات کے حوالے سے بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔
عالمی عدالتِ انصاف نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ جمہوریہ میانمار نے شمالی راکھین میں روہنگیا برادری کے خلاف نسل کشی کرکے نسل کشی کی روک تھام اور اس جرم کی سزا سے متعلق کنونشن کے تحت اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ پیش کردہ شواہد نسل کشی کے جرم کے قانونی معیار پر پورے اترتے ہیں۔
یہ ہولوکاسٹ کے بعد چوتھا موقع ہے جب کسی بین الاقوامی عدالت نے کسی واقعے میں نسل کشی کے ارتکاب کی قانونی تصدیق کی ہے۔ اس سے قبل 1994 میں روانڈا میں توتسی برادری، 1995 میں بوسنیا کے شہر سربرینیتسا اور 1975 سے 1979 کے دوران کمبوڈیا میں خمیر روج حکومت کے دور میں نسل کشی کے واقعات ثابت ہوچکے ہیں۔
تاہم میانمار کے خلاف اس فیصلے کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ پہلی مرتبہ کسی ملک کو نسل کشی کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے، اس سے قبل کے واقعات میں بنیادی طور پر انفرادی مجرموں یا مخصوص حکومتوں کے تحت ہونے والے جرائم کا تعین کیا گیا تھا۔
اس فیصلے کے اثرات صرف میانمار تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ نسل کشی کے بین الاقوامی کنونشن کی تشریح اور دنیا کے مختلف خطوں میں نسل کشی سے متعلق زیرسماعت مقدمات پر بھی مرتب ہوں گے۔ عالمی عدالتِ انصاف کا یہ فیصلہ روہنگیا مسلمانوں کے خلاف 2017 کی فوجی کارروائی کو بین الاقوامی قانون کے تحت نسل کشی قرار دیے جانے کے اعتبار سے ایک اہم سنگ میل ہے۔