تلنگانہ میں سردی کی شدت میں اضافہ، درجہ حرارت 9.6 ڈگری ریکارڈ
تلنگانہ اور حیدرآباد میں سردی کی شدت میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ ریاست میں رواں موسم سرما کا پہلی مرتبہ درجہ حرارت 10 ڈگری سے نیچے درج کیا گیا۔ جمعہ کی علی الصبح ضلع سنگاریڈی کے علاقہ ستار میں اقل ترین درجہ حرارت 9.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو اس موسم کا اب تک کا سب سے کم درجہ حرارت ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ اور حیدرآباد میں سردی کی شدت میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ ریاست میں رواں موسم سرما کا پہلی مرتبہ درجہ حرارت 10 ڈگری سے نیچے درج کیا گیا۔ جمعہ کی علی الصبح ضلع سنگاریڈی کے علاقہ ستار میں اقل ترین درجہ حرارت 9.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو اس موسم کا اب تک کا سب سے کم درجہ حرارت ہے۔
مغربی اور شمالی تلنگانہ کے علاقوں میں سردی کی لہر جیسی صورتحال دیکھی جارہی ہے، جبکہ خشک موسم کے باعث رات اور صبح کے اوقات میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہورہی ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی (ٹی ایس ڈی پی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق ضلع سنگاریڈی ریاست کا سرد ترین ضلع رہا۔
حیدرآباد کے مرکزی شہری علاقوں میں نسبتاً کم سردی محسوس کی گئی، تاہم مضافاتی علاقوں اور آئی ٹی کاریڈور میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ تروملگری میں 15.2 ڈگری اور ویسٹ مارڈپلی میں 15.8 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
پٹن چیرو اور بی ایچ ای ایل علاقوں میں اقل ترین درجہ حرارت 12.2 ڈگری رہا، جبکہ رام چندرپورم کے بی ایچ ای ایل فیکٹری علاقے میں 12.5 ڈگری درج کیا گیا۔
گچی باؤلی میں درجہ حرارت 14 ڈگری، ایم ایم ٹی ایس لنگم پلی میں 15.1 ڈگری، مولاعلی میں 13.6 ڈگری جبکہ راجندر نگر میں 13.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
درجہ حرارت میں اس نمایاں کمی کے باعث حیدرآباد سمیت تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں صبح کے اوقات میں سردی کا احساس بڑھ گیا ہے۔