ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسرس اور گزٹیڈ ہیڈ ماسٹر گریڈ-I کی جائیدادوں پر تقررات
ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسرز اور گزٹیڈ ہیڈ ماسٹر گریڈ-I کے امتحانات کی ابتدائی کلید جاری، امیدوار 21 نومبر شام 5 بجے تک آن لائن اعتراضات داخل کرسکتے ہیں۔
حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) تلنگانہ پبلک سروس کمیشن نے محکمہ اسکول ایجوکیشن میں ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسرز اور گزٹیڈ ہیڈ ماسٹر گریڈ-I کی جائیدادوں پر تقررات کے لیے منعقدہ تحریری امتحانات کی ابتدائی کلید اور ماسٹر سوالیہ پرچہ امیدواروں کے لاگ اِن میں دستیاب کرانے کا اعلان کیا ہے۔
کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق نوٹیفکیشن نمبر 03/G/SE/2026 مورخہ 5 جون 2026 کے تحت یہ امتحانات 12 نومبر کو صبح اور دوپہر کے سیشنوں میں جبکہ 13 نومبر کو دونوں سیشنوں میں سی بی آر ٹی طریقہ کار کے تحت منعقد کیے گئے تھے۔
پیپر-I اور پیپر-II کی ابتدائی کلید اور ماسٹر سوالیہ پرچے 18 نومبر سے 21 نومبر 2026 شام 5 بجے تک کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ \ \ https://www.tgpsc.gov.in\ \ پر امیدواروں کے لاگ اِن میں دستیاب رہیں گے۔ امیدوار اپنے لاگ اِن اسناد کے ذریعے ویب سائٹ پر داخل ہوکر سوالات اور جوابات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔
ابتدائی کلید پر اعتراضات بھی صرف آن لائن امیدواروں کے ذاتی لاگ اِن کے ذریعے 21 نومبر شام 5 بجے تک قبول کیے جائیں گے۔ کمیشن نے واضح کیا ہے کہ بذریعہ ڈاک، بالمشافہ درخواستوں، ای میل یا کسی دوسرے طریقے سے موصول ہونے والے اعتراضات قبول نہیں کیے جائیں گے، جبکہ مقررہ تاریخ اور وقت کے بعد داخل کردہ اعتراضات پر غور نہیں کیا جائے گا۔
ہر سوال پر اعتراض داخل کرنے کے لیے امیدوار کو 500 روپے فیس آن لائن ادائیگی کے ذریعے جمع کرانی ہوگی۔ اگر امیدوار کا اعتراض درست ثابت ہوتا ہے اور حتمی کلید میں اسے قبول کرلیا جاتا ہے تو وصول کردہ فیس واپس کردی جائے گی۔
امیدواروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اعتراضات صرف انگریزی زبان میں درج کریں، کیونکہ ویب سائٹ پر فراہم کردہ ٹیکسٹ باکس صرف انگریزی زبان کے لیے موزوں ہے۔
اس کے علاوہ اعتراض کی تائید میں متعلقہ ثبوت بھی اپ لوڈ کرنا لازمی ہوگا، جس میں کتاب کے مصنف کا نام، ایڈیشن، صفحہ نمبر، پبلشر کا نام یا ویب سائٹ کا یو آر ایل واضح طور پر درج ہونا چاہیے۔ امیدواروں کو مزید ہدایات اور اعتراضات کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلات کے لیے نوٹیفکیشن نمبر 03/G/SE/2026 کے سیکشن 11 کا مطالعہ کرنے اور کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔