ناگپور تشدد، فہیم خان کا مکان ڈھادیا گیا (ویڈیو)
ناگپور بلدیہ نے پیر کے دن فہیم خان کے مکان پر بلڈوزر چلادیا۔ فہیم کو 17 مارچ کے تشدد کا منصوبہ ساز کہا جارہا ہے۔

ناگپور (آئی اے این ایس) ناگپور بلدیہ نے پیر کے دن فہیم خان کے مکان پر بلڈوزر چلادیا۔ فہیم کو 17 مارچ کے تشدد کا منصوبہ ساز کہا جارہا ہے۔
وشواہندو پریشد(وی ایچ پی) نے مہاراشٹرا کے سمبھاجی نگر (اورنگ آباد) میں واقع اورنگ زیب کے مقبرہ کو ڈھادینے کے مطالبہ پر ناگپور میں جلوس نکالا تھا جس کے دوران تشدد برپا ہوا تھا۔
ناگپور میونسپل کارپوریشن کی ایک ٹیم بلڈوزرس کے ساتھ فہیم خان کے مکان پہنچی۔ حکام کا کہنا ہے کہ فہیم خان کو سابق میں نوٹس جاری کی گئی تھی کہ مکان کی تعمیر میں کئی بے قاعدگیاں ہوئی ہیں۔
نقشہ تک منظور نہیں کرایا گیا۔ وارننگ کے باوجود فہیم خان نے اصلاح نہیں کی۔ مائناریٹی ڈیموکریٹک پارٹی(ایم ڈی پی) کے صدر فہیم خان اور دیگر 5 افراد کے خلاف غداری کا مقدمہ درج ہوا۔
فہیم کو گرفتار کرکے 21 مارچ تک عدالتی تحویل میں بھیجا گیا تھا۔ ناگپور پولیس‘ فسادات کے سلسلہ میں 300 سے زائد سوشل میڈیا پوسٹس کی تحقیقات کررہی ہے۔ ان اکاؤنٹس کے خلاف کیس درج کرنے کا عمل جاری ہے۔