نلگنڈہ: جمعیت العلماء ضلع کے انتخابات مکمل، مولانا سید شاہ احسان الدین قاسمی صدر منتخب
شرکاء نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ منتخب عہدیداران کو اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے اور جمعیت العلماء کے مشن کو مزید تقویت بخشے۔
حیدرآباد: دارالعلوم نلگنڈہ میں ضلعی جمعیت العلماء کے انتخابات بحسن و خوبی منعقد ہوئے۔ اس موقع پر ریاستی جمعیت العلماء کی جانب سے بحیثیت مبصر حافظ پیر خلق احمد صاحب نے شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، بعد ازاں سابقہ میعاد کی تفصیلی رپورٹ جنرل سکریٹری مولانا محمد اکبر خان اسعدی نے پیش کی، جس میں گزشتہ میعاد کے دینی، سماجی اور تنظیمی خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔
صدر جمعیت العلماء ضلع نلگنڈہ حضرت مولانا سید شاہ احسان الدین قاسمی نے اپنے خطاب میں جمعیت کی تاریخ، مقاصد اور خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے اراکین کو مشن کو مزید فعال بنانے کی ترغیب دی۔
انتخابی کارروائی میں ضلع بھر سے اراکینِ منتظمہ نے بھرپور شرکت کی اور اتفاقِ رائے سے آئندہ میعاد کے لیے درج ذیل عہدیداران کا انتخاب عمل میں آیا:
- صدر: حضرت مولانا سید شاہ احسان الدین قاسمی
- نائب صدور: مفتی جاوید حسین، مفتی محمد صدیق، مولانا مخدوم محی الدین، مولانا محمد ولی اللہ، جناب حفیظ خان
- جنرل سکریٹری: مولانا محمد اکبر خان اسعدی
- سکریٹری: حافظ سید حسان الدین فرقان
- خازن: مولانا یاسر حسین
- پریس سکریٹری: حافظ عتیق الرحمن بیگ
اجلاس میں ضلع نلگنڈہ کے سنگ تراشوں کے مسائل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ریاستی جمعیت کے سکریٹری نے کہا کہ حکومت سے ان مسائل کے حل کے لیے جلد نمائندگی کی جائے گی، جیسا کہ ریاستی عام انتخابات سے قبل صدر پردیش کانگریس نے وعدہ کیا تھا۔
اجلاس میں تمام منڈلوں کے صدور اور ذمہ داران شریک رہے۔ آخر میں اجتماعی دعا پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
شرکاء نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ منتخب عہدیداران کو اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے اور جمعیت العلماء کے مشن کو مزید تقویت بخشے۔