تلنگانہ
نارائن پیٹ میں تیندوا پکڑاگیا
کسانوں نے بتایا کہ گاؤں کے قریب تالاب کے پشتے پر چند دنوں سے یہ تیندوا گھوم رہا تھا۔اس نے حملہ کرکے 10 سے زیادہ مویشیوں اور بچھڑوں کوہلاک کردیاتھا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع نارائن پیٹ میں محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے تیندوے کو پکڑنے میں کامیابی حاصل کرلی جس کی وجہ سے عوام کافی پریشان تھے۔اس تیندوے نے ضلع کے عوام میں خوف پیدا کردیا تھا۔ضلع کے رکونڈا گاؤں میں جنگلات کے عہدیداروں کی طرف سے لگائے گئے پنجرے میں یہ تیندوا پھنس گیا۔
کسانوں نے بتایا کہ گاؤں کے قریب تالاب کے پشتے پر چند دنوں سے یہ تیندوا گھوم رہا تھا۔اس نے حملہ کرکے 10 سے زیادہ مویشیوں اور بچھڑوں کوہلاک کردیاتھا۔
اس جنگلی جانور کی موجودگی کے سبب خوفزدہ کسان اور مقامی افراد گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کررہے تھے۔انہوں نے اس بات کی اطلاع محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو دی جس کے بعد جنگلات کے عہدیداروں نے مختلف مقامات پر پنجرے لگائے تھے۔آج اس تیندوے کے پکڑے جانے پر کسانوں نے راحت کی سانس لی۔