بھارت

7 فروری کو اولا، اوبر اور ریپیڈو ڈرائیوروں کی ملک گیر ہڑتال، ٹیکسی خدمات متاثر ہونے کا امکان

ڈرائیور تنظیموں کے مطابق اس احتجاج کو ’’آل انڈیا بریک ڈاؤن‘‘ کا نام دیا گیا ہے اور اعلان کیا گیا ہے کہ ہڑتال کے دن تمام ڈرائیور موبائل ایپس بند رکھیں گے۔

اگر آپ 7 فروری کو دفتر جانے، بچوں کو اسکول چھوڑنے یا کسی ضروری کام کے لیے باہر نکلنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں تو یہ خبر آپ کے لیے اہم ہے۔ اولا، اوبر اور ریپیڈو سے وابستہ ڈرائیوروں نے ایک روزہ ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے، جس کے باعث ملک کے بڑے شہروں میں ٹیکسی اور بائیک ٹیکسی خدمات کے مکمل طور پر متاثر ہونے کا امکان ہے۔

ڈرائیور تنظیموں کے مطابق اس احتجاج کو ’’آل انڈیا بریک ڈاؤن‘‘ کا نام دیا گیا ہے اور اعلان کیا گیا ہے کہ ہڑتال کے دن تمام ڈرائیور موبائل ایپس بند رکھیں گے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں ایپ بیسڈ ٹرانسپورٹ سروسز دستیاب نہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ موجودہ کرایہ نظام غیر منصفانہ ہے اور ایپ بیسڈ کمپنیاں من مانی کٹوتیوں کے ذریعے ان کا معاشی استحصال کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق بڑھتی ہوئی مہنگائی کے مقابلے میں کرایوں میں مناسب اضافہ نہ ہونے سے ڈرائیوروں کی آمدنی متاثر ہو رہی ہے۔

اس ہڑتال کے باعث خاص طور پر صبح اور شام کے مصروف اوقات میں مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ دفتر جانے والے ملازمین، طلبہ اور روزانہ سفر کرنے والے افراد کو متبادل ذرائع نقل و حمل پر انحصار کرنا پڑ سکتا ہے۔

قابلِ ذکر ہے کہ چند روز قبل آٹو ڈرائیوروں کی ہڑتال کے بعد یہ کم مدت میں دوسرا بڑا ٹرانسپورٹ احتجاج ہے، جس سے ایک بار پھر ایپ بیسڈ ٹرانسپورٹ سروسز اور متعلقہ حکومتی پالیسیوں پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔