مشرق وسطیٰ

پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر اسرائیل کو جنگ میں نہ دھکیلیں نیتن یاہو: لائبرمین

اسرائیل کی 'یسرائیل بیتینو' پارٹی کے رہنما ایویگڈور لائبرمین نے جمعرات کو کہا کہ وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کی قیادت والی ملک کی نگراں حکومت کو ایسے سکیورٹی فیصلے لینے کا اختیار نہیں ہے، جو اسرائیل کو جنگ میں دھکیل سکتے ہیں۔

یروشلم: اسرائیل کی ‘یسرائیل بیتینو’ پارٹی کے رہنما ایویگڈور لائبرمین نے جمعرات کو کہا کہ وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کی قیادت والی ملک کی نگراں حکومت کو ایسے سکیورٹی فیصلے لینے کا اختیار نہیں ہے، جو اسرائیل کو جنگ میں دھکیل سکتے ہیں۔

مسٹر لائبرمین نے کہا کہ پارلیمنٹ کی نگرانی اور سکیورٹی اداروں کی رضامندی کے بغیر ایسے فیصلے نہیں کیے جا سکتے۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نیتن یاہو اور اسرائیلی دفاعی افواج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایال زمیر کے درمیان ایران کے خلاف فوجی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کے امکان پر کشیدگی بڑھنے کی خبریں آ رہی ہیں۔ ‘این 12’ نے منگل کو اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ اس معاملے پر دونوں کے درمیان اختلافات ایک بار پھر سامنے آئے ہیں۔

مسٹر لائبرمین نے کہا، ”میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ایک نگراں حکومت کو ایسے فیصلے لینے کا اختیار نہیں ہے، جو اسرائیل کو جنگ میں دھکیل سکتے ہیں۔ پارلیمنٹ کی نگرانی اور تمام سکیورٹی عہدیداروں کی مکمل رضامندی کے بغیر ایسا نہیں کیا جا سکتا۔ میں ایک بار پھر کہتا ہوں کہ تمام سکیورٹی عہدیداروں کی رضامندی ضروری ہے۔”

اس سے پہلے بدھ کو ‘یشار’ پارٹی کے رہنما گادی آئزن کوٹ نے بھی اسی طرح کی بات کہی تھی۔ انہوں نے مشورہ دیا تھا کہ جب تک نگراں حکومت اقتدار میں ہے، سکیورٹی سے متعلق فیصلے کرتے وقت احتیاط برتنی چاہیے۔ انہوں نے اٹارنی جنرل گالی بہاراو میارا سے بھی اپیل کی تھی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ انہیں مسٹر نیتن یاہو کی جانب سے باقاعدگی سے سکیورٹی سے متعلق معلومات فراہم کی جاتی رہیں۔

بعد ازاں، مسٹر نیتن یاہو اور مسٹر آئزن کوٹ نے ایک مشترکہ بیان میں اعلان کیا کہ ‘یشار’ پارٹی کے رہنما کو جمعرات کو وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر اعظم اور ان کے فوجی سکریٹری کی جانب سے سفارتی اور سکیورٹی معاملات پر معلومات فراہم کی جائیں گی۔

قانون کے مطابق، وزیر اعظم کو اپوزیشن لیڈر کو ماہ میں کم از کم ایک بار ملک کی سلامتی سے متعلق معلومات فراہم کرنا ضروری ہے۔ تاہم، مخلوط حکومت کی تشکیل کے لیے بات چیت جاری رہنے کے باعث اب تک باضابطہ طور پر مسٹر یائر لاپیڈ کی جگہ کسی نئے اپوزیشن لیڈر کا تقرر نہیں کیا گیا ہے۔

مسٹر آئزن کوٹ نے سکیورٹی کی صورت حال سے متعلق باقاعدہ معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ پارلیمنٹ کی نگرانی برقرار رہے اور قومی سلامتی کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔

مسٹر لائبرمین اب نگرانی کا ایک زیادہ اہم کردار ادا کرنے جا رہے ہیں۔ جمعرات کو کنیسٹ (اسرائیلی پارلیمنٹ) کی ‘ارینجمنٹس کمیٹی’ نے انہیں بااثر ‘خارجہ امور اور دفاعی کمیٹی’ (ایف اے ڈی سی) کا چیئرمین مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔ یہ کمیٹی قومی سلامتی کے معاملات، فوجی بجٹ اور اسرائیلی دفاعی افواج میں لازمی بھرتی سے متعلق قوانین کی نگرانی کرتی ہے۔

مسٹر لائبرمین نے کہا ہے کہ وہ اسرائیلی دفاعی افواج کے سربراہ زمیر اور موساد (اسرائیلی خفیہ ایجنسی) کے سربراہ کو طلب کرکے سکیورٹی کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے کہیں گے، تاہم ابھی تک ان کی تقرری کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، مسٹر نیتن یاہو کے دھڑے کی جانب سے اگلے ہفتے سے پہلے یہ اجلاس منعقد کرنے کی مخالفت کے بعد کمیٹی میں حتمی ووٹنگ پیر تک ملتوی کر دی گئی۔ تقرری مکمل ہونے تک مسٹر لائبرمین کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے خفیہ انٹیلی جنس معلومات تک رسائی حاصل نہیں کر سکتے۔

گزشتہ 27 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات کے بعد سیاسی تعطل پیدا ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں اب تک نئی حکومت تشکیل نہیں پا سکی ہے۔ نئی حکومت کے قیام تک مسٹر نیتن یاہو نگراں وزیر اعظم کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ صدر اسحاق ہرزوگ نے مسٹر آئزن کوٹ کو حکومت بنانے کے لیے اتوار سے 28 دن کا وقت دیا ہے، جس میں 14 دن کی توسیع کی درخواست کرنے کا اختیار بھی شامل ہے۔

وزیر اعظم کے دفتر نے بدھ کو ایک بیان جاری کرکے مسٹر نیتن یاہو کے سکیورٹی معاملات سے نمٹنے کے طریقے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے تمام فیصلے ”مکمل طور پر سکیورٹی سے متعلق امور پر مبنی تھے اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تال میل کے ساتھ لیے گئے تھے۔”

وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے جمعرات کو کہا کہ حکومت تمام سکیورٹی فیصلوں کے لیے ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا، ”ایک وزیر اعظم ہے، ایک وزیر دفاع ہے جو اسرائیلی دفاعی افواج کو ہدایات دیتا ہے اور ایک حکومت ہے جو اسرائیل کی سلامتی اور اس کے شہریوں کے تحفظ سے متعلق تمام فیصلے کرنے کی ذمہ دار ہے۔ یہ تمام فیصلے فطری طور پر موجودہ اور ضروری نگرانی کے تابع ہیں۔”

دریں اثنا، ‘اوتزما یہودیت’ پارٹی کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر نے مسٹر لائبرمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے وجود کے مخالفین کے ساتھ سمجھوتوں کا پابند رہتے ہوئے سکیورٹی کے محاذ پر کامیابی حاصل کرنا ناممکن ہے۔ ان کا اشارہ آئزن کوٹ کے دھڑے اور عرب جماعتوں کے درمیان تعاون کی جانب تھا۔

رام اور جوائنٹ لسٹ جماعتوں کے انتخابات میں ریکارڈ 19 نشستیں حاصل کرنے کے بعد مسٹر لائبرمین نے عرب جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کی مخالفت کی ہے۔ اس کے باوجود دونوں جماعتوں نے اشارہ دیا ہے کہ وہ پارلیمانی ووٹنگ کے دوران مسٹر آئزن کوٹ کی قیادت والے اتحاد کی حمایت کرنے کے لیے تیار ہیں، جس سے ممکنہ طور پر اسے قانون منظور کرانے کے لیے درکار تعداد حاصل ہو سکتی ہے۔