مغربی بنگال کے وزیر کی بامعنی پوسٹ پر سیاسی حلقوں میں بحث
وزیر شنکر گھوش نے کہا کہ کابینی عہدہ ملنے کا مطلب یہ نہیں کہ کسی کو ہر بات کہنے یا سب کچھ جاننے کا حق حاصل ہوجاتا ہے۔ بعد میں انہوں نے واضح کیا کہ ان کا مقصد کسی کو نشانہ بنانا نہیں تھا۔
کولکتہ (آئی اے این ایس) مغربی بنگال کے وزیر پارلیمانی امور و سیاحت ڈاکٹر شنکر گھوش نے سوشل میڈیا پر ایک بامعنی پوسٹ کی ہے جس میں انہوں نے کسی بھی کابینی وزیر کو کیا کہنا چاہئے اس تعلق سے بالواسطہ حد مقرر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کابینی وزیر ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کو سب کچھ کہنے کا حق حاصل ہے۔ اس کا یہ بھی مطلب نہیں کہ آپ کو سارا علم ہے۔گھوش نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات اپنے سوشل میڈیا ہینڈل سے یہ پوسٹ کی تاہم ابتداء میں یہ واضح نہ ہوسکا کہ آیا گھوش کسی کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں یا صرف خود احتسابی کی بات کررہے ہیں۔
ڈاکٹر شنکر گھوش کی پہچان ایسے قائد کی ہے جو شہرت سے دور رہتا ہے اور متنازعہ بیانات نہیں دیتا۔ ایسی صورتحال میں اُن کی بامعنی پوسٹ پر سیاسی حلقوں میں بحث چھڑ گئی۔گھوش نے بعد میں خود واضاحت کی کہ وہ کسی کو نشانہ بنانا نہیں چاہتے۔اُن کی پوسٹ کو خود احتسابی کے طور پر دیکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میرا ہمیشہ یہی اصول رہا ہے۔آج صبح مغربی بنگال کے وزیر پنچایت امور و دیہی ترقیات دلیپ گھوش نے شنکر گھوش کی تائید کی۔
انہوں نے کہا کہ نہ صرف وزراء بلکہ ہر شخص کو اس اصول پر عمل کرنا چاہئے۔ بیان دیتے وقت محتاط رہنا چاہئے کہ کہیں اس سے دوسروں کے جذبات کو ٹھیس نہ پہنچے۔