نیٹ پیپر لیک کیس، گیامیں ملزم کے مکان پر سی بی آئی دھاوا
سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) نے بہار کے ضلع گیا میں چہارشنبہ کے دن شیونندن یادو کے مکان پر چھاپہ مارا جو نیٹ پرچہ سوالات افشاء کیس کا ملزم ہے۔
پٹنہ: سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) نے بہار کے ضلع گیا میں چہارشنبہ کے دن شیونندن یادو کے مکان پر چھاپہ مارا جو نیٹ پرچہ سوالات افشاء کیس کا ملزم ہے۔
سی بی آئی نے یہ دھاوا مقامی پولیس کی مدد سے کیا۔ دھاوا میں اہم کاغذات ضبط کئے گئے۔ ذرائع کے بموجب شیونندن یادو نے نیٹ کے پرچہ سوالات اور جوابی بیاض حاصل کرنے کے لیے 40لاکھ روپیوں میں امتحان مافیا کے ساتھ معاملت کی تھی۔
اس نے 20لاکھ روپئے پیشگی ادا کردیئے تھے اور مابقی رقم نتیجہ جاری ہونے کے بعد ادا کرنی تھی۔ پٹنہ پولیس نے 5 مئی کو پیپر لیک کیس کو بے نقاب کیا۔ اسی دن امتحان تھا ۔
13 افراد کی گرفتاری عمل میں آئی۔ بہار پولیس کے معاشی جرائم شعبہ نے دوران تحقیقات شیونندن یادو کو گرفتار کیاتھا۔ کیس اب سی بی آئی کے ہاتھوں میں ہے۔
منگل کے دن سی بی آئی نے دیگر دو مشتبہ افراد سنی کمار اور رنجیت کمار کو اضلاع نالندہ اور گیا سے گرفتار کیاتھا۔ سنی کمار امیدوار ہے جبکہ رنجیت کمار ایک امیدوار کا باپ ہے۔
نیٹ کیس کی سی بی آئی تحقیقات جاری ہیں۔ سپریم کورٹ میں کل سماعت ہونے والی ہے۔ پچھلی سماعت میں سپریم کورٹ میں کہاتھا کہ امتحان رد کرنا آخری آپشن ہوگا۔