حیدرآباد کے چرلہ پلی ریلوے اسٹیشن سے نئی امرت بھارت ایکسپریس ٹرین کا جمعہ کوآغاز
ساوتھ سنٹرل ریلوے نے حیدرآباد کے چرلہ پلی ریلوے اسٹیشن سے آندھرا پردیش اور تمل ناڈو کے راستے کیرالہ کے شہر ترواننتا پورم تک نئی امرت بھارت ایکسپریس چلانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ ٹرین جمعہ، 23 جنوری سے اپنی خدمات کا آغاز کرے گی جس سے عام اور متوسط طبقہ کے مسافروں کو سفر کی بہترین سہولت میسر آئے گی۔
حیدرآباد: دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اوراے پی کے عوام کے لئے ریلوے کی جانب سے ایک خوشخبری سامنے آئی ہے۔
ساوتھ سنٹرل ریلوے نے حیدرآباد کے چرلہ پلی ریلوے اسٹیشن سے آندھرا پردیش اور تمل ناڈو کے راستے کیرالہ کے شہر ترواننتا پورم تک نئی امرت بھارت ایکسپریس چلانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ ٹرین جمعہ، 23 جنوری سے اپنی خدمات کا آغاز کرے گی جس سے عام اور متوسط طبقہ کے مسافروں کو سفر کی بہترین سہولت میسر آئے گی۔
مرکزی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں مرحلہ وار شروع کی جانے والی امرت بھارت ایکسپریس سیریز کے تحت یہ نئی ٹرین (نمبر 17401/17042) ترواننتا پورم اور چرلہ پلی کے درمیان چلے گی۔
افتتاحی روز یعنی 23 جنوری کو یہ ٹرین صبح 10.45بجے ترواننتا پورم سے روانہ ہوگی اور اگلے دن شام 4.30بجے چرلہ پلی پہنچے گی۔
یہ ٹرین ترواننتا پورم، ایرناکولم، پالکاڈ، کوٹائم، کولم، سیلم اور ایروڈ جیسے اہم مقامات سے ہوتے ہوئے آندھرا پردیش میں داخل ہوگی جہاں یہ ٹرین رینی گنٹہ، نیلور، اونگول، باپٹلہ، تنالی، گنٹور، ستن پلی، تلنگانہ کے مریال گوڑہ اور نلگنڈہ کے راستے چرلہ پلی پہنچے گی۔
اس ٹرین کی خاص بات اس کی بناوٹ اور سہولیات ہیں۔ اس میں کل 8 سلیپر کوچس، 11 جنرل کوچس، ایک پینٹری کار اور دو سکنڈ کلاس کوچس شامل ہیں۔