عآپ قائدین کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ : لیفٹیننٹ گورنر دہلی
دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر (ایل جی) وی کے سکسینہ نے عام آدمی پارٹی کے 4 قائدین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نئی دہلی: دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر (ایل جی) وی کے سکسینہ نے عام آدمی پارٹی کے 4 قائدین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز کمیشن (کے وی آئی سی) کے صدرنشین کی حیثیت سے اپنی میعاد کے دوران سکسینہ پر کرپشن میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔
ایل جی کے دفتری ذرائع نے آج یہاں یہ بات بتائی۔ یہ کارروائی عام آدمی پارٹی کے قائدین سوربھ بھردواج‘ آتشی‘ درگیش پاٹھک اور جاسمین شاہ کے خلاف کی جائے گی جنہوں نے سکسینہ پر بحیثیت صدرنشین کے وی آئی سی اپنی میعاد کے دوران کرپشن میں ملوث ہونے کے توہین آمیزاور جھوٹے الزامات عائد کئے تھے۔
عآپ قائدین نے حال ہی میں دعویٰ کیا تھا کہ سکسینہ 2016 میں نوٹ بندی کے دوران ایک اسکام میں ملوث تھے اور اس معاملہ کی سی بی آئی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ سی بی آئی پہلے ہی اس کیس کی کے وی آئی سی کی ایماء پر ہی تحقیقات کرچکی ہے اور چارج شیٹ بھی داخل کرچکی ہے۔
جن افراد کے بیانات کی بنیاد پر ایل جی کے خلاف یہ الزامات گھڑے جارہے ہیں وہی دونوں بادی النظر میں نوٹ بندی کے بعد کے وی آئی سی میں کرپشن میں ملوث پائے گئے ہیں۔ سی بی آئی کے ایک ذریعہ نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عام آدمی پارٹی اپنے گناہوں کی پردہ پوشی کے لئے توجہ ہٹانے بدعنوان افراد کا استعمال کررہی ہے۔
یہ پارٹی خود تعلیم‘ شراب اور پی ڈبلیو ڈی کے ہزاروں کروڑ روپے کے بھاری بھرکم اسکامس میں ملوث ہے۔ ایل جی نے ان شرمناک‘ جھوٹے‘ توہین آمیز اور توجہ ہٹانے والے الزامات کا سنگین نوٹ لیا ہے اور ان عآپ قائدین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عام آدمی پارٹی بچ کر نہ نکل سکے۔