ہندوستان میں جی-20 سربراہی اجلاس کے دوران شی جنپنگ سے بائیڈن کی باضابطہ ملاقات کا منصوبہ نہيں: رپورٹ
امریکی صدر جو بائیڈن نئی دہلی میں منعقد ہونے والے جی-20 سربراہی اجلاس کے موقع پر اپنے چینی ہم منصب شی جنپنگ سے باضابطہ ملاقات کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے ہیں۔ این بی سی نے جمعہ کے روز امریکی انتظامیہ کے حکام کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔

واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نئی دہلی میں منعقد ہونے والے جی-20 سربراہی اجلاس کے موقع پر اپنے چینی ہم منصب شی جنپنگ سے باضابطہ ملاقات کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے ہیں۔ این بی سی نے جمعہ کے روز امریکی انتظامیہ کے حکام کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔
اس سے قبل بائیڈن نے جمعرات کے روز کہا تھا کہ وہ نئی دہلی میں جی-20 سربراہی اجلاس میں شی جنپنگ سے ملنے کی امید رکھتے ہیں، میڈیا کی ایسی رپورٹ کے باوجود کہ چینی لیڈر اس اجلاس ميں غیر حاضر ہوسکتے ہیں۔
این بی سی نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا کہ اگر شی جنپنگ اس تقریب میں شریک ہوتے ہیں، تو دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت رسمی مبارکبادی اور خوش آمدید کے تبادلے تک محدود رہے گی۔
تاہم، دونوں صدور سان فرانسسکو میں ہونے والی ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (APEC) کانفرنس کے موقع پر میٹنگ کر سکتے ہیں، تاہم، انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ابھی تک کسی بات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
جی-20 سربراہی اجلاس 9 سے 10 ستمبر تک ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں منعقد ہوگا، جب کہ اپیک اکنامک لیڈرز ویک کانفرنس نومبر میں سان فرانسسکو میں ہوگی۔