اب سڑک پر چلتے چلتے ہی الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ ہوگی
انہیں کسی چارجنگ اسٹیشن پر رکنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور وہ لگاتار لمبی دوری طے کرسکیں گی۔
سونبھدر: کبھی نکسلی وارداتوں کے لئے سرخیوں میں رہنے والے مشرقی اترپردیش کے ضلع سونبھدر میں سرکاری انجینئرنگ کالج سونبھدر کے طلبہ نے الیکٹرک گاڑی کے لئے ایک ایسا ہائبرڈ وائرلیس چارجنگ سسٹم فروغ دیا ہے جس سےگاڑیاں ہائی وے کی اسپیشل لین پر چلتے چلتے خود بخود ریچارج ہوجائیں گی۔
انہیں کسی چارجنگ اسٹیشن پر رکنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور وہ لگاتار لمبی دوری طے کرسکیں گی۔
انجینئرنگ کالج کے الیکٹریکل ڈپارٹمنٹ کے پروفیسر ڈاکٹر وجے پرتاپ سنگھ نے منگل کو کہا کہ منفرد نظام کے تحت ہائی وے میں ایک الگ لین تیار کرنی ہوگی۔ اس لین میں ایک الیکٹرک کوائل نصب کیا جائے گا جو گاڑی کے الیکٹرک کوائل کے رابطے میں آئے گا اور اسے چارج کرتا رہے گا۔
اس لین سے گزرنے والی گاڑیاں خود بخود چارج ہو جائیں گی۔ خاص بات یہ ہے کہ یہ چارجنگ سسٹم دن میں سولر اور ونڈ انرجی اور رات کو الیکٹرک گرڈ کے ذریعے کام کرے گا۔ یہی نہیں جب اس سسٹم سے اضافی شمسی توانائی پیدا ہوتی ہے تو اسے گرڈ میں بھی منتقل کیا جاسکے گا۔
یہ ماڈل انجینئرنگ کالج کے طلباء نے وندھیاچل ڈویژن، مرزا پور میں منعقدہ ڈویژنل سطح کے سائنس مقابلے میں پیش کیا جہاں مرزا پور ڈویژن میں تشخیصی کمیٹی کی طرف سے پہلا انعام دیا گیا۔
ڈاکٹر وجے پرتاپ سنگھ کی نگرانی میں طلباء نے شمسی توانائی پر مبنی وائرلیس ڈائنامک گاڑی چارجنگ سسٹم کا ماڈل تیار کیا ہے۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ آنے والا وقت الیکٹرک گاڑیوں کا ہے لیکن ان کے لئے پورے ملک میں چارجنگ اسٹیشنز کا وسیع نیٹ ورک بنانا بہت مشکل ہے۔ ایسے میں یہ نظام بہت کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔