500 روپے کی چوری کے شبہ میں طالبات کے کپڑے اتروا کر تلاشی، خاتون ٹیچر معطل (ویڈیو)
راجستھان کے ضلع سوائی مادھوپور کے ایک سرکاری اسکول میں طالبات کے ساتھ مبینہ طور پر انتہائی شرمناک سلوک کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ الزام ہے کہ 500 روپے کی چوری کے شبہے میں جماعت نہم کی طالبات کی تلاشی کے دوران ان سے کپڑے تک اتروا دیے گئے۔
جے پور: راجستھان کے ضلع سوائی مادھوپور کے ایک سرکاری اسکول میں طالبات کے ساتھ مبینہ طور پر انتہائی شرمناک سلوک کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ الزام ہے کہ 500 روپے کی چوری کے شبہے میں جماعت نہم کی طالبات کی تلاشی کے دوران ان سے کپڑے تک اتروا دیے گئے۔ متاثرہ طالبات کا کہنا ہے کہ اس واقعہ سے وہ شدید ذہنی صدمہ کا شکار ہوئی ہیں۔
طالبات نے گھر پہنچ کر اپنے افراد خاندان کو پوری روداد سنائی، جس کے بعد بڑی تعداد میں دیہاتی اور سرپرست اسکول پہنچ گئے۔ مشتعل افراد نے احتجاج کرتے ہوئے اسکول کے مرکزی گیٹ پر تالا لگا دیا اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور محکمہ تعلیم کے عہدیدار موقع پر پہنچے اور حالات کو قابو میں کیا۔ بعد ازاں طالبات کے بیانات قلمبند کیے گئے اور معاملےہکی جانچ شروع کر دی گئی۔
ابتدائی تحقیقات کے بعد محکمہ تعلیم نے سینئر خاتون ٹیچر سرسوتی مینا کو فوری طور پر معطل کر دیا، جبکہ ووکیشنل ایجوکیشن انسٹرکٹر وندنا شرما کو بھی عہدہ سے ہٹا دیا گیا ہے۔
راجستھان کے وزیر تعلیم مدن دلاور نے اس واقعہ کو نہایت سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جا رہی ہیں اور رپورٹ کی بنیاد پر مزید سخت کارروائی کی جائے گی۔
اس واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ مقامی افراد اور والدین نے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس بھی اپنے طور پر معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے، جبکہ محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اگر الزامات درست ثابت ہوئے تو قصورواروں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔