بھینسہ میں آن لائن سٹہ گینگ کا پردہ فاش،اہم رکن گرفتار ،دیڑھ کروڑ کا سونا، نقدی و دستاویزات برآمد
اس سلسلے میں ضلع ایس پی نرمل ڈاکٹر جی جانکی شرمیلا نے آج نرمل ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اعظم نے متاثرین کے نام پر بینک اکاؤنٹس کھول کر ان کی انٹرنیٹ بینکنگ تک رسائی حاصل کر رکھی تھی اور انہی کھاتوں کے ذریعہ کروڑوں روپے کا لین دین کرتا رہا۔
بھینسہ: بھینسہ پولیس نے آن لائن سٹہ بازی میں ملوث ایک بڑے رکن کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق سید اعظم، جو اویسی نگر بھینسہ میں می سیوا سنٹر چلاتا تھا، خفیہ طور پر آن لائن سٹہ بازی کا کاروبار بھی کررہا تھا۔ وہ کئی سال سے pannel.com نامی بیٹنگ ویب سائٹ کے ذریعے سٹہ بازی میں سرگرم تھا۔
اس سلسلے میں ضلع ایس پی نرمل ڈاکٹر جی جانکی شرمیلا نے آج نرمل ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اعظم نے متاثرین کے نام پر بینک اکاؤنٹس کھول کر ان کی انٹرنیٹ بینکنگ تک رسائی حاصل کر رکھی تھی اور انہی کھاتوں کے ذریعہ کروڑوں روپے کا لین دین کرتا رہا۔ متاثرین کو ہر ماہ ایک مقررہ رقم دینے کا وعدہ کرکے وہ ان کا مالی استحصال کرتا اور بعد میں انہیں دھمکیاں دیتا تھا۔
ایس پی نے بتایا کہ گزشتہ رات بھینسہ اے ایس پی اویناش کمار اور سرکل انسپکٹر گوپی ناتھ کی قیادت میں پولیس نے اویسی نگر میں چھاپہ مارتے ہوئے سید اعظم کو گرفتار کیا۔ اس کے مکان سے 16.3 لاکھ روپے نقد رقم، 384.38 گرام سونا، تین سونے کے بسکٹس، 21 جائیداد سے متعلقہ دستاویزات، آٹھ اے ٹی ایم کارڈز، تین موبائل فون، جعلی انکم ٹیکس دستاویزات اور دیگر قیمتی سامان برآمد کیا گیا، جس کی مالیت تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
اب تک اس کیس میں آٹھ افراد کو ریمانڈ پر بھیجا جاچکا ہے جن میں پلیویلی مانی کانتھا، چلامنٹولا شیوا چاری، رحمان، لککلا نریش، کریگم پرانے، چنی کلیان، سید عرفان اور چکلا وینکٹیش شامل ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ مزید افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے اور جلد مزید گرفتاریاں عمل میں آئیں گی۔
ایس پی جانکی شرمیلا نے انتباہ دیا کہ جوا اور سٹہ بازی جیسی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محتاط رہیں اور اگر کہیں بھی اس طرح کی سرگرمیاں دیکھیں تو فوری پولیس کو اطلاع دیں۔